حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پنجاب میں ایک قوت بن کر ابھری ہے‘ ملک اسلم نوید

پیر 30 نومبر 2015 11:43

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پنجاب میں ایک قوت بن کر ابھری ہے مقامی قیادت اور کارکن عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ان خیالات کااظہار پاکستان مسلم لیگ ن ایم سی کے نومنتخب چیئرمین ملک اسلم نوید نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہو نے کہا کہ ملک سے مہنگائی کرپشن بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں مختلف منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

(ن) لیگ وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کی فلاح وبہبود اور ملک کی تعمیروترقی میں مصروف ہے اور حکومت کی کوششوں سے لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی واقع ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت مسائل میں گھرے ہونے کے باوجود عوامی مشکلات حل کرنے کے لئے اپنی پوری صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ملک اسلم نوید نے کہا کہ دھرنوں، انقلابوں نے ملکی معیشت کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا لیکن نواز شریف اور شہباز شریف کی صلاحیتوں کی بدولت آج ملکی معیشت اپنے پاوٴں پر کھڑی ہے، پاکستان کی خوشحالی اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے پرامن ماحول میں صنعتکاری کا فروغ ضروری ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی پالیسیوں کی وجہ سے سیاسی تنہائی کا شکار ہو چکے ہیں اور ان کا سیاسی مستقبل بھی زیرو ہے۔

میاں برادران نے اپنی صلاحیتوں سے ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے۔ سابق دور میں وعدوں کے سوا کچھ نہیں دیا گیا۔