چینی دارالحکومت بیجنگ میں دھند اور دھوئیں سے آلود فضا کے حوالے سے سال کا سب سے بڑا انتباہ جاری

پیر 30 نومبر 2015 12:34

چینی دارالحکومت بیجنگ میں دھند اور دھوئیں سے آلود فضا کے حوالے سے سال ..

بیجنگ ۔ 30 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 نومبر۔2015ء) چینی حکام نے گزشتہ روزدارالحکومت بیجنگ میں دھند اور دھوئیں سے آلود فضا کے حوالے سے اس سال کا سب سے بڑا انتباہ جاری کیا ہے۔اورنج الرٹ دوسری بلند ترین سطح ہے۔ اس الرٹ میں کارخانوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پیدوار کم کر دیں۔تعمیراتی مقامات پر تعمیراتی سامان کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہے اور شہر کی سڑکوں پر بڑے ٹرکوں کا داخلہ ممنوع ہے۔

(جاری ہے)

کچھ اطلاعات کے مطابق بعض علاقوں میں حد نگاہ چند سو میٹر تک رہ گئی ہے۔ بیجنگ میں امریکی سفارت خانے میں نصب فضائی آلودگی ناپنے والے آلے کے مطابق فضا میں زہریلی ہوا اور پی ایم 2.5 کے چھوٹے ٹکڑوں کی شرح کچھ علاقوں میں 400 مائیکروگرام فی کیوبک میٹر تک پہنچ گئی ہے ۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق 25 مائیکروگرام فی کیوبک میٹر کی شرح محفوظ ہوتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کو موسم میں ٹھنڈک کی امید ہے جس سے ماحول میں کچھ بہتری ہوسکتی ہے۔