اسرائیلی وزیر دفاع کی روسی طیارے کی جانب سے اسرائیلی حدود کے خلاف ورزی کی تصدیق

پیر 30 نومبر 2015 12:35

مقبوضہ بیت المقدس ۔ 30 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 نومبر۔2015ء) اسرائیل کے وزیر دفاع موشے یالون نے روس کے جنگی سکواڈرن کے ایک طیارے کی جانب سے اسرائیلی حدود کے خلاف ورزی کی تصدیق کر دی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل کے وزیر دفاع موشے یالون نے مقبوضہ بیت المقدس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام میں روس کے جنگی جہازوں کی سکواڈرن کا ایک طیارہ غلطی سے اسرائیل کی عملداری والے علاقے میں ایک میل تک اندر آیا اور پھر نکل گیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تھوڑی سی غلطی ہوئی کہ پائلٹ ہماری فضائی حدود میں ایک میل اندر تک چلا آیا۔ اس کے ساتھ فورا رابطہ قائم کیا گیا، اس نے فورا راستہ بدلا اور واپس شامی حدود میں داخل ہو گیا اسرائیل کی وزارت دفاع کے سربراہ نے بتایا کہ چونکہ روس کے طیارے نے ہماری حدود میں کوئی کارروائی نہیں کی تھی چنانچہ ضروری نہیں تھا کہ اس کو مار گرایا جاتا۔ دوسری جانب اسرائیل کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم روس کی شام میں فضائی سکواڈرن کو نہیں چھیڑتے اور نہ ہی جو کچھ شام میں ہو رہا ہے اس میں مداخلت کرتے ہیں وہ ہمارے مفاد میں کام کر رہے ہیں۔