مہذب دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائے‘وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 30 نومبر 2015 13:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں مہذب دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائے اور بھارت کے قابض اور غاصب حکمرانوں کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق غصب کرنے سے باز رکھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید یہاں کشمیر ہاؤس میں برطانوی این جی او کے ایک وفد سے بات چیت کررہے تھے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کوملٹری کیمپ میں تبدیل کررکھا ہے اور بھارت کی آٹھ لاکھ پیرا ملٹری فورسز خواتین کے خلاف مظالم کو جنگی ہتھیار کے طور پر اختیار کررکھا ہے جوخواتین کی بین الاقوامی تنظیموں کے لیے یہ ایک چیلنج ہے ۔

(جاری ہے)

خواتین کی بین الاقوامی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو انسانیت کی توہین سے باز رکھے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں نے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کی نسل کشی شروع کررکھی ہے آزادی پسنددنیا مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ بند کروائے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارت کے غیر قانونی اور غاصبانہ قبضے سے آزادی دلوائے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرکے عوام نے بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے اور سات لاکھ سے زائد کشمیریوں نے اپنا لہو کا نذرانہ دیا ہے۔تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت کشمیری شہداء کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر سے بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خاتمے تک عالمی سطح پر اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کشمیریوں کے ایشو کے حوالے سے جرات مندانہ اور حقیقت پسندانہ موقف اختیار کیا جس پر دونوں اطراف کی کشمیری قیادت اور عوام وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کشمیر ایشو آر پار کی قیادت کا یک نقاتی ایجنڈا ہے حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی جدوجہد کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت کشمیری شہداء کے لہو کی وارث ہے بیس کیمپ کی حکومت نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کی ڈکٹیشن ، موثر رابطے اور باہمی مشاورت سے حکمت عملی اختیار کررکھی ہے کشمیر ی شہداء کا لہو رنگ لا کررہے گا۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی تنظیموں اور تارکین وطن کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کوششوں کو سراہا اور کہاکہ برطانیہ میں مقیم تارکین وطن سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہوکر اپنی کوششیں جاری رکھیں اور اقوام عالم کو مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کے نفاذ کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی سے آگاہ کریں-