پی سی بی سربراہ شہریار خان بھارت سے سیریز بچانے کیلیے کوشاں،جائلز کلارک سے رابطہ کرلیا

پیر 30 نومبر 2015 13:59

پی سی بی سربراہ شہریار خان بھارت سے سیریز بچانے کیلیے کوشاں،جائلز کلارک ..

شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 30نومبر- 2015ء) وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کےامکانات دم توڑ رہے ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ سیریز کے مستقبل کا فیصلہ دو ،تین دن میں ہوجائیگا کیونکہ سیریز نہ ہونے کی صورت میں پی سی بی کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان نے سیریز کو بچانے کے لئے انگلش بورڈ کے صدر جائلز کلارک سے فون پر رابطہ کیا ہے تاہم اس وقت سیریز کا مستقبل بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھ میں ہے ۔

(جاری ہے)

ممکنہ طور پر سری لنکا میں ہونے والی سیریز کے بارے میں ابھی تک بھارتی بورڈ کو حکومت کی اجازت نہیں ملی ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو حکومت نے نیوٹرل وینیو پر یہ سیریز کرانے کی تحریری اجازت دے دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی سیریز کی تیاریاں تیزی سے کررہا تھا تاہم اب ڈیڈ لاک آنے کی وجہ سے خاموش ہوگیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے نہ کھیلنے کی صورت میں کسی دوسری بین الاقوامی ٹیم سے سیریز کے حوالے سے قیاس آرئیاں کی جارہی تھیں تاہم پی سی بی حکام کے مطابق اتنے کم وقت میں کسی دوسری ٹیم کو دعوت دیکر سیریز کا انعقاد ناممکن ہے ۔