فلسطینی اتھارٹی کو ایک انچ زمین بھی نہیں دیں گے، نیتن یاھو

پیر 30 نومبر 2015 14:13

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا ہے کہ وہ فلسطینی اتھارٹی کو ایک انچ زمین بھی واپس نہیں کریں گے۔ جذبہ خیرسگالی کے تحت فلسطینی اتھارٹی کو مغربی کنارے کی اراضی کے کسی حصے کا کنٹرول دینے کی کوئی تجویز قبول نہیں کی جائیگی۔اسرائیل کی حکمران جماعت ’لیکوڈ‘ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاھو نے کہا کہ وہ فلسطینیوں کو نہ تو 40 ہزار دونم اور نہ 10 ہزار دونم کا رقبہ دینے کو تیار ہیں۔

(جاری ہے)

ہم تو فلسطینیوں کو ایک میٹر جگہ بھی نہیں دے سکتے۔نیتن یاھو نے کہا کہ میڈیا آنیوالی وہ تمام اطلاعات قطعی بے بنیاد ہیں کہ اسرائیلی حکومت غرب اردن کی اراضی کا کچھ حصہ فلسطینی اتھارٹی کو دینے پر غور کررہی ہے۔ ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ہم فلسطینیوں کو ایک میٹر زمین بھی نہیں دے سکتے ہیں۔ خیال رہے حال ہی میں ذرائع ابلاغ میں یہ خبر شائع ہوئی تھی کہ اسرائیلی حکومت مغربی کنارے اور بیت المقدس میں جاری کشیدگی کو کنٹرول کرنے کے لیے فلسطینی اتھارٹی کو کچھ مزید علاقوں کا کنٹرول دینے پر غورکررہی ہے۔