تحریک انتفاضہ کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے،فلسطینی قوم جدید ترین مزاحمتی وسائل سے بھرپور استفادہ کرے،سامی ابو زھری

پیر 30 نومبر 2015 14:15

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) فلسطینی مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے ملک کے تمام نمائندہ طبقات پر صہیونی ریاست کے مظالم کیخلاف اور دفاع قبلہ اول کیلئے جاری تحریک انتفاضہ میں شامل ہونے کی اپیل کیساتھ قومی وحدت پر زور دیا ہے۔ فلسطینی تحریکوں کا کہنا ہے کہ تحریک انتفاضہ نے صہیونی دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔

غزہ کی پٹی میں تحریک انتفاضہ القدس اور اس کے وسائل و اہداف کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے قوم کے تمام نمائندہ طبقات کو باہم متحد ہونے اور تحریک انتفاضہ میں اپنا حصہ ڈالنے پر زور دیا۔ مقررین نے کہا کہ فلسطینیوں کی قربانیوں نے صہیونی حکومت کو شکست فاش سے دوچار کردیا ہے۔

(جاری ہے)

صہیونی قبلہ اول کی تقسیم کی مذموم مہم چلائے ہوئے تھے۔

فلسطینی تحریک انتفاضہ نے صہیونی فوج کے تمام تکبر طاقت کے نشے اور غرورکو خاک میں ملا دیا ہے۔ فلسطینی تحریک احرار کے سیکرٹری جنرل خالد ابو ھلال نے کہا کہ انتفاضہ القدس نے کم وقت میں اپنے اہداف حاصل کرنا شروع کئے ہیں۔ یہ اس تحریک کی کامیابی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ انہوں نے تحریک انتفاضہ جاری رکھنے اور پوری قوم کو اس میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اندرون فلسطین سے دشمن کے ایجنٹ اور بیرونی طاقتیں ملکر تحریک انتفاضہ کو کچلنے کی سازشیں کررہی ہیں۔ فلسطینی قوم کو اندرونی اور بیرونی سازشوں سے خبردار رہنا پڑیگا۔ اس موقع پرحماس کے ترجمان ڈاکٹر سامی ابو زھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انتفاضہ کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ تحریک کی کامیابی کیلئے ضروری ہے فلسطینی قوم جدید ترین مزاحمتی وسائل سے بھرپور استفادہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انتفاضہ نے فلسطینی قوم میں مزاحمت کا جذبہ ایک بار پھر جواں کردیا ہے۔ صہیونی دشمن طاقت کے بل بوتے پر فلسطینیوں کا جذبہ آزادی کچلنا چاہتا ہے مگر دشمن کو اس میدان میں بھی شکست فاش کا سامنا کرنا پڑیگا۔