اسلام آباد کے میئر کے متوقع امیدوار ظفر علی شاہ نے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی پر ووٹ کاسٹ کر دیا

پیر 30 نومبر 2015 14:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء امیدوار برائے چیئرمین اور اسلام آباد کے میئر کے متوقع امیدوار ظفر علی شاہ نے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی پر ووٹ کاسٹ کر دیا ، عملے کے اصلی شناختی کارڈ دکھانے کے اصرار پر ظفر علیشاہ بگڑ گئے اور انتخابی عملے کوفوٹو کاپی تھما کر کہا کہ ثابت کرو میں ظفر علی شاہ نہیں تو واپس چلا جاتا ہوں، پی ٹی آئی کارکن ظفر علی شاہ کی طرف سے فوٹو کاپی پر ووٹ کاسٹ کرنے پرمشتعل ہوگئے اوران کی گاڑی کا گھیراؤ کر کے نعرے لگاتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو اسلام آباد میں ہونے والے پہلے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر یونین کونسل نمبر30میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما و امیدوار برائے چیئرمین ظفر علی شاہ نے اصل شناختی کارڈ کی بجائے فوٹو کاپی پر ووٹ کاسٹ کر دیا،جس پر انتخابی عملے کی طرف سے اصلی شناختی کار دیکھانے کے اصرار پر ظفر علی شاہ بگڑ گئے اور انہیں قانون پڑھانے لگے اور عملے کو کہا کہ یا تو شناختی کارڈ کو فوٹو کاپی ثابت کرو یا لکھ کر دے دو کہ میں ظفر علی شاہ نہیں ہوں ، لیگی رہنما عملے کو دھمکاتے بھی رہے جس پر عملے نے انہیں شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی پر ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دیدی۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں اصل شناختی کارڈ دکھائے بغیرووٹ کاسٹ کرنے اور عملے کے ساتھ ناروا سلوک پر پولنگ سٹیشن پر موجود پی ٹی آئی کے کارکن مشتعل ہوگئے اورظفر علی شاہ کے ساتھ تلخ کلامی بھی کی۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے ظفر علی شاہ کی گاڑی کا گھیراؤ کرلیا اور ” گونواز گو“ کے نعرے لگاتے رہے جس کے بعد بڑی مشکل سے ظفر علی شاہ وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔