لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر آئی جی پنجاب کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی سے جواب طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 30 نومبر 2015 14:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوارالحق نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار راحت پروین نے موقف اختیار کیا کہ اسکا شوہر سب انسپکٹر طار ق محمود دفتری امور نمٹانے کے دوران روڈ ایکسیڈنٹ میں مارا گیا مگر اسکے باوجود محکمہ پولیس نے اسے شہید کا درجہ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ نے اسکی درخواست پر آئی جی پنجاب کو جلد فیصلہ کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں مگر آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے اسکی درخواست پر کوئی کاروائی نہیں کی جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر آئی جی پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائی جائے۔جس پر عدالت نے آئی جی پنجاب کو دس دسمبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔