امریکہ کے صدر براک اوباما ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ہونے والی اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کے لیے پیرس پہنچ گئے

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 30 نومبر 2015 14:42

پیرس(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔30 نومبر۔2015ء) امریکہ کے صدر براک اوباما ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ہونے والی اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کے لیے پیرس پہنچ گئے ہیں۔اپنے فرانسیسی ہم منصب فرانسواں اولاں د کے ہمراہ صدر اوباما بتاکلاں گئے اور وہاں رواں ماہ دہشت گرد حملے کا نشانہ بننے والوں کی یاد میں پھول رکھتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔

وہ اس موقع خیالات کا اظہار کرنے کی بجائے کچھ دیر خاموش کھڑے رہے۔13 نومبر کو پیرس کے مختلف حصوں میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں 130 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اہم اجلاس میں شرکت سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر صدر اوباما نے ایک بیان میں کہا کہ اس اجتماع کو جو چیز منفرد بناتی ہے وہ یہ کہ 180 سے زائد اقوام پہلے ہی ان مضر گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کے لیے اپنے منصوبے فراہم کر چکی ہیں جو ماحولیاتی تبدیلی کا باعث بنتی ہیں۔

(جاری ہے)

اور امریکہ کی قیادت اس میں پیش رفت کرنے میں معاونت کر رہی ہے۔انھوں نے اس کانفرنس سے متعلق اہداف کے حصول کے بارے میں امید کا اظہار کیا۔امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے سینیئر ڈائریکٹر برائے توانائی و ماحولیاتی تبدیلی پاول بوڈنر کہتے ہیں کہ " ہم جانتے تھے کہ ایک نئی حکمت عملی کی ضرورت ہے جس پر تمام اقوام انحصار کریں۔ صدر براک اوباما دنیا کے ایسے ہی دو بڑے ملکوں سے سربراہان سے ملاقات کریں گے جن میں چین کے صدر شی جنپنگ اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی شامل ہیں۔