نریندر مودی کی نواز شریف سے ملاقات ، گرمجوشی سے مصافحہ، ایک ہی صوفے پر بیٹھ کر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

پیر 30 نومبر 2015 16:38

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف ا وربھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان پیرس میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر مختصر ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی کے ساتھ مصافحہ کیا ، ایک ہی صوفے پر بیٹھ کر بات چیت کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو پیرس میں ہونے والی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے دوران بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنی نشست سے اٹھ کر خود چل کر نواز شریف کے پاس گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔

کانفرنس سے واپسی پربھی نریندر مودی نے وزیر اعظم نواز شریف سے دوبارہ مصافحہ کیااور نواز شریف سے ان کی خیریت دریافت کی۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف انتہائی پر اعتماد نظرآئے جبکہ ملاقات بھی انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس کے دوران دونوں رہنماوں نے ایک ہی صوفے پر بیٹھ کر بات چیت کی جس کے دوران نریندر مودی بہت انہماک کے ساتھ بات کرتے رہے اور نواز شریف ان کی باتوں کو غور سے سنتے رہے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران دونوں رہنما صوفے پر ٹیک لگا کر بیٹھنے کی بجائے صوفے کے کنارے پر بیٹھے ہوئے تھے ملاقات کے دوران دونوں وزرائے اعظم مسکراتے رہے اور مصافحہ کے دوران گرمجوشی سے ایک دوسرے کا ہاتھ ہلاتے رہے۔ملاقات میں دونوں رہنماوں کی جانب سے ایک دوسرے کا پرتپاک طریقے سے خیر مقدم کیا گیا جبکہ غیر رسمی طورپر ہونے والی ا س ملاقات کے بارے میں کسی کو بھی علم نہیں تھا اور امکانات ظاہر کیے جارہے تھے کہ کانفرنس کے دوران دونوں رہنماوں کے درمیان کوئی ملاقات نہیں ہوگی لیکن اس اچانک ملاقات سے سب حیران رہ گئے۔

تجزیہ نگار اس ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کیلئے بریک تھرو قرار دے رہے ہیں اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان رکا ہوا مذاکرات کا سلسلہ ایک بار پھر بحال ہوجائے گا اور نواز ، مودی ملاقات کے بعد دونوں ممالک میں وفود اور سیکرٹریز کی سطح پر مذاکرات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔