بنگلہ دشی حکومت کے الزامات مسترد ‘ قائمقام بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کی وزارت داخلہ میں طلبی

پیر 30 نومبر 2015 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) پاکستان میں قائمقام بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی ایشیاء وسارک کی طرف سے پیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے آگاہ کیا گیا کہ حکومت پاکستان بنگلہ دیشی حکومت کی طرف سے 23نومبر 2015کو جاری کئے گئے مراسلے میں عائد کئے گئے بے بنیاد اور بلا جواز الزامات کو مسترد کرتی ہے ۔

بنگلہ دیشی ہائی کمشنر سے کہا گیا کہ یہ امر باعث افسوس ہے کہ پاکستان کی طرف سے بنگلہ دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات کی سرگرم خواہش کے باوجود حکومت بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان کو بد نام کر نے کی کوششیں کی گئیں ۔ڈائریکٹر جنرل وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان یقین رکھتا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو نا صرف قائم رکھنا بلکہ انہیں مزید مستحکم کر ناچاہتے ہیں تاہم افسوس ناک طورپربنگلہ دیش کی حکومت ان جذبات کا احترام نہیں کررہی ۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیشی قائمقام ہائی کمشنر سے کہا گیا کہ 1974میں طے پانے والا سہ فریقی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بنیاد ہے ۔اس امر کے باوجود بنگلہ دیشی حکومت یہ دلیل پیش کرتی ہے کہ پاکستان 1974ء کے معاہدے کی گمراہ کن تشریح کرتا ہے یہ واضح کیا جاناضروری ہے کہ معاہدے کے فریق کے طورپر حکومت بنگلہ دیش نے معاہدے میں فیصلہ کیا تھا کہ وہ ہمدردی کے اقدام کے طورپر قانونی اقدامات نہیں کریگا ۔

پاکستانی ڈائریکٹر جنرل وزارت خارجہ نے کہاکہ حکومت پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کرتی ہے کیو نکہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستانی عوام کے دل بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔دونوں ممالک کیلئے یہ بات نہایت اہم ہے کہ جنوبی ایشیائی بر صغیر کے مسلمانوں کیلئے الگ مادر وطن کے قیام کیلئے اپنے عوام کی جانب سے ادا کئے گئے کر دار کو فراموش نہیں کیا جانا چاہیے اس لئے یہ نہایت ضروری ہے کہ خیر سگالی ‘دوستی اور ہم آہنگی کے جذبے کے تحت آگے بڑھ کر پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کی اجتماعی بہبود کیلئے کام کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :