نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ای پی آئی ضلع صوابی کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹر محمد یعقوب کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا

پیر 30 نومبر 2015 17:31

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کو وسعت دینے (ای پی آئی) کے کوارڈنیٹر ضلع صوابی اور پولیو مہم کے انچارج ڈاکٹر محمد یعقوب کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ جب کہ فائرنگ سے ان کا بھانجا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔واقعہ کے خلاف ڈاکٹروں اور ورثاء نے بطور احتجاج لاش کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس کے سامنے مین روڈ پر رکھ کر صوابی جہانگیرہ رو ڈکو دو گھنٹے تک بند رکھا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر محمد یعقوب پیر کی صبح پونے نو بجے معمول کے مطابق سرکاری گاڑی میں اپنے گاؤں ڈوڈھیر سے ای پی آئی آفس واقع باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور ( صوابی)آرہے تھے جب گاڑی زیدہ قبر ستان نہر بائی پاس روڈ پر پہنچی تو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ڈاکٹر محمد یعقوب موقع پر جاں بحق جب کہ ان کا بھانجا ڈرائیور محمد عر فان بائیں ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

لاش اور زخمی کو فوری طور پر باچا خان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا سی ٹی ڈی پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اس واقعہ کے خلاف مقتول کے ورثاء ، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس نے لاش سڑک پر رکھ کر مین روڈ کو بند کر دیا ان کا مطالبہ تھا کہ قاتلوں کا سراغ لگا کر دو دن کے اندر اندر گرفتار کئے جائیں اور غفلت برتنے پر تھانہ زیدہ کے عملے کو معطل کیا جائے۔

ڈی سی صوابی مطیع اللہ خان ، ضلع ناظم امیر الرحمن ، تحصیل ناظم واحد شاہ ، ایم پی اے شیراز خان ، ایس پی انوسٹی گیشن ، ڈی ایس پی صوابی ، ڈی ایچ او اور دیگر حکام موقع پر پہنچے اور مقتول کے ورثاء اور ڈاکٹروں کے ساتھ تفصیلی گفت و شنید کی اس موقع پر ڈاکٹروں نے کہا کہ ہم ہسپتال کے اندر پولیو قطرے پلوائیں گے اور فیلڈ میں جا کر ڈیوٹی اس لئے انجام نہیں دینگے کہ ہمیں تحفظ حاصل نہیں اور سیکیورٹی کے انتظامات پر ہمارا اعتماد نہیں اس موقع پر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس نے تین یوم سوگ منانے اور ہڑتال کرنے کا اعلان کیا اور مطالبہ کیا کہ مقتول کے ورثاء اور زخمی کو جلد از جلد حکومت معاوضہ ادا کریں اجلاس میں ڈی سی او ، ناظم امیر الرحمن ، ناظم واحد شاہ ، ایم پی اے شیراز اور دیگر حکام کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر کے روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا مقتول ڈاکٹر محمد یعقوب کو پیر کی شام اپنے آبائی گاؤں موضع ڈوڈھیر میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

جنازہ میں محکمہ صحت کے افسران ، ڈاکٹروں ، پیرا میڈیکس ، عمائدین علاقہ اور دوست احباب نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :