امریکی ارکان کانگریس نے عراق میں فوج بڑھانے کا مطالبہ کر دیا

داعش کو شکست سے دوچار کرنے میں ناکامی کی ذمہ داری امریکی حکومت پربھی عائد ہوتی ہے،جان مکین کی گفتگو

پیر 30 نومبر 2015 18:04

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) امریکی کانگریس کے دو سرکردہ ارکان نے تجویز پیش کی ہے کہ شام اور عراق سمیت دنیا کے دوسرے ملکوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تنظیم داعش کی سرکوبی کے لیے امریکی فوج کے ساتھ ساتھ کم سے کم ایک لاکھ سْنی جنگجوؤں کا ایک لشکر تیار کیا جائے جو دولت اسلامیہ نامی اس انتہا پسند گروہ کے خلاف جنگ میں معاونت کرے،میڈیارپورٹس کے مطابق ایوان نمائندگان کے دو ارکان جان مکین اور لینڈسی گراھام نے دورہ عراق کے موقع پر بغداد میں ایک نیوزکانفرنس کے دوران یہ تجویز پیش کی اور کہا کہ امریکا سے باہر کے سنی مسلمان جنگجوؤں کا ایک لشکر تیار کیا جائے جس میں کم سے کم ایک لاکھ جنگجو شامل ہوں۔

انہیں شام اور عراق میں سرگرم داعش کے خلاف جنگ میں استعمال کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان دونوں امریکی سیاست دانوں نے داعش کے خلاف اپنی حکومت کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے حکومتی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیا، انہوں نے کہا کہ داعش کو شکست سے دوچار کرنے میں ناکامی کی ذمہ داری امریکی حکومت پربھی عاید ہوتی ہے کیونکہ واشنگٹن نے وہ اقدامات نہیں کیے جو داعش کا قلع قمع کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔

جان مکین کا کہنا تھا کہ مریکا نے داعش کے خلاف زیادہ سے زیاد فضائی حملوں تک اپنی پالیسی محدود رکھی یا امریکی فوج کی نگرانی میں محدود سے شامی گروپ کو عسکری تربیت فراہم کی گئی ہے۔بغداد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جان مکین کا کہنا تھا کہ داعش کے خلاف جنگ کے لیے فوج کا بھاری حجم درکار ہے۔ باضابطہ فوج کے ساتھ ساتھ کم سے کم ایک لاکھ عسکری تربیت یافتہ افراد کا ایک لشکر بھی چاہیے جو داعش کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے امریکی سپاہ کی مدد کرے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ کا لشکر تیارکرنا کوئی مشکل بات نہیں۔ یہ تنہا مصر اور سعودی عرب ملک کربھی تیار کرسکتے ہیں۔ تاہم چھوٹے ملکوں کے لیے اتنا بڑا لشکر تیار کرنا مشکل ہوگا۔ البتہ ترکی بھی اس میں معاونت کرسکتا ہے۔اس موقع پر لینڈسی گراہام نے کہا کہ داعش کے خلاف جنگ کے لیے 10 ہزار امریکی فوجیوں کے لشکر کو بھی شامل کرلیا جائے کیونکہ صرف عرب ممالک کے تربیت یافتہ جنگجو کافی نہیں ہوں گے۔دونوں ارکان کانگریس نے عراق میں امریکی فوج کی تعداد 10 ہزار سے بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :