عزاداری میں رکاوٹ بننے والے ریاستی ہتھکنڈے مسترد کرتے ہیں ، پابندیاں قبول نہیں، جنرل سیکرٹری شیعہ علما کونسل پنجاب

پیر 30 نومبر 2015 18:10

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔30 نومبر۔2015ء) شیعہ علما کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مولانا مشتاق حسین ہمدانی نے واضح کیا ہے کہ محبت اہل بیتؑ جزو ایمان ہے۔ عزاداری ہمارا آئینی اورشہری حق ہے۔ اس پر کسی قسم کی پابندی اورریاستی ہتھکنڈوں کو مسترد کرتے ہیں۔وہ صوبائی دفترمیں جعفریہ یوتھ لاہور کے عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے مسلمہ رسومات کو روکنے کے لئے سازشیں کی گئیں ۔روایتی ،لائسنسی جلوسوں اور حتیٰ کہ گھروں میں ہونے والی مجالس عزا میں بھی رکاوٹیں ڈالی گئیں۔ مقدمات تک درج کئے گئے ۔جس پر ملت جعفریہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ ہم شہادتیں ،جیلیں اور صعوبتیں برداشت کرنے سے گھبرانے والے ہیں اورنہ ہی ملت جعفریہ کے لئے یہ کوئی نئی بات ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعلٰی میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ متعصب پولیس آفیسرز کو نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں عزاداری میں رکاوٹ ڈالنے سے روکا جائے ، ورنہ حالات خراب ہونے کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ انہوں نے علما، خطبا اور ذاکرین پر عائد پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو مشورہ دیا ہے کہ دہشت گردوں کے قلع قمع کرنے میں فوج کا ساتھ دیں، عزاداروں کو تنگ نہ کرے۔ ملت جعفریہ نے دہشت گرد پیدا نہیں کئے، ان کا مقابلہ کیا۔ پاکستان کے درو دیوار گواہ ہیں کہ سب سے زیادہ قربانیاں ہم نے دیں۔

متعلقہ عنوان :