جرائم اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ترقی یافتہ ممالک کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں،محمدشہبازشریف

پیر 30 نومبر 2015 18:12

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔30 نومبر۔2015ء)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے لندن میں میٹرپولیٹن پولیس کمشنر سر برنارڈ ہوگان ہووی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دہشت گردی‘ سنگین جرائم اور سٹی پولیسنگ کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو محفوظ بنانے کے لئے شب و روز کوشاں ہے اور اس ضمن میں جرائم اور دہشت گردی کے سدباب کے لئے ترقی یافتہ ممالک کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں دہشت گردی سے نپٹنے کے لئے خصوصی فورس کے قیام کے علاوہ نئی قانون سازی بھی کی ہے اور پرانے قوانین میں ترامیم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے عالمی تناظر میں دہشت گردی کے عفریت سے دنیا کا کوئی بھی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا۔

(جاری ہے)

آج دہشت گردی کہیں بھی ہو دنیا کے ہر فرد کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ان عوامل کا ازالہ بھی ضروری ہے جو اس کا باعث بنتے ہیں۔

چنانچہ حکومت پنجاب صوبے کے دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں تعلیم عام کرنے اور زندگی کی دیگر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے خصوصی مساعی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج اور شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تاریخی قربانیاں دی ہیں۔ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران میٹروپولیٹن پولیس کمشنر سربرنارڈ ہوگان ہووی نے بتایا کہ دہشت گردی اور جرائم کی بیخ کنی کے لئے پنجاب حکومت سے ہر طرح کا تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پنجاب حکومت اس مساعی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے ہمارے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔