پٹرول کی قیمت میں کمی اور ڈیزل کی قیمت بڑھانے کے بار ے میں اوگرا کی سفارشات مسترد

ایچ او بی سی کی قیمت میں 87پیسے فی لٹر اضافے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 79 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی،وزیرخزانہ کا باقاعدہ اعلان

پیر 30 نومبر 2015 18:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) حکومت نے پٹرول کی قیمت میں کمی اور ڈیزل کی قیمت بڑھانے کے بار ے میں اوگرا کی سفارشات مسترد کر دی ہیں تاہم ایچ او بی سی کی قیمت میں 87پیسے فی لٹر اضافے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 79 پیسے فی لیٹر کمی کی سفارشات منظور کر لی ہیں ۔ اس کا باقاعدہ اعلان وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ آئندہ ماہ کے لئے اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی تجویز دی تھی جس کے تحت ایچ او بی سی کی قیمت 87 پیسے فی لیٹر بڑھا ئی جارہی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 79.79 سے 80.66 روپے فی لیٹر ہوجائے گی۔ اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 79 پیسے کمی کی تجویز دی تھی جسے منظور کرلیا گیا ہے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 57.11 سے کم ہوکر 56.32 روپے فی لیٹر ہوگی، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 36 پیسے فی لیٹر سستا کیا جارہا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 53.59 پیسے سے کم ہوکر 53.23 پیسے ہوگی۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے کہا کہ اوگرا نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 5 پیسے کمی جب کہ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 42 پیسے اضافے کی تجویز دی تھی تاہم ان دونوں مصنوعات میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی، آئندہ ماہ بھی پیٹرول کی قیمت 76.26 جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 83.79 روپے فی لیٹر کے حساب سے دستیاب ہوگا۔

متعلقہ عنوان :