Live Updates

نواز لیگ دھاندلی کی ماسٹر مائینڈ بن چکی ہے ،عوام بلدیاتی مینڈیٹ کی حقیقت جانتے ہیں ‘عبدالعلیم خان

بے اختیار بلدیاتی نمائندوں کو حکمران فنڈز اور اختیارات بھی دیں ‘چیئرمین پی ٹی آئی کے پولیٹیکل ایڈوائزر کا خطاب

پیر 30 نومبر 2015 18:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء ) چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ دھاندلی کی ماسٹر مائینڈ بن چکی ہے سروے کرنے والے اداروں کو بوگس اور دو نمبری سے مینڈیٹ تبدیل کرنے کے ایوارڈ کیلئے میاں برادران کو نامزد کر دینا چاہیے ،حکومت نے اسلام آباد میں بھی پنجاب میں ہونے والی دھونس اور دھاندلی کا "ری پلے " کیا ہے سابق سینئر اور ممبر اسمبلی کی نگرانی میں پی ٹی آئی کے ووٹروں کو ہراساں کرنے سے لے کر ہر طرح کا حربہ اختیار کیا گیا ۔

پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اسلام آباد سے رکن اسمبلی کو بلدیاتی پولنگ سے 4دن قبل وزارت کا قلمدان سونپنے پر الیکشن کمیشن کی خاموشی سوالیہ نشان ہے جبکہ وہی الیکشن کمیشن عمران خان اور جماعت اسلامی کے خلاف نوٹس جاری کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام تر سرکاری ہتھکنڈوں کے استعمال کے باوجود حکمرانوں کو اپنی جیت کا یقین نہیں تھا اس لیے بلدیاتی نمائندوں کو بے اختیار کر دیا گیا اب انہیں با اختیار بنانے اور فنڈز فراہم کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ اپنی کاوشیں جاری رکھیں اور عمران خان کے ملک گیر تبدیلی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے میدان عمل میں رہیں ۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا کہ نواز لیگ کے پی پی147سے امیدوار میاں محسن لطیف نے چوروں کی طرح الیکشن پٹیشن دائر کی ہے ان میں جرات ہوتی تو کھل کر سامنے آتے ،انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ووٹروں اور مینڈیٹ پر مکمل یقین ہے ،انشا ء اﷲ این اے122میں بھی جب آزادانہ الیکشن ہوا کامیابی عبدالعلیم خان اور پی ٹی آئی کی ہو گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات