سردی بڑھنے کے ساتھ ہی گیس بحران شدت اختیار کرتاجارہاہے‘میاں مقصوداحمد

گھروں میں چولہے ٹھنڈے اور عوامی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 30 نومبر 2015 18:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء ) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ سردی بڑھنے کے ساتھ ہی گیس بحران بھی شدت اختیار کرتاجارہاہے،گیس کاپریشرکم ہونے اور غیر اعلانیہ طویل بندش کی وجہ سے گھروں میں چولہے ٹھنڈے ہوناشروع گئے ہیں اور عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوتاجارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سردی کی آمد کے ساتھ ہی جہاں ایک طرف گیس بحران نے سراٹھانا شروع کردیا ہے تووہیں دوسری جانب بجلی کی لوڈشیڈنگ کادورانیہ ہے کہ کم ہونے کانام نہیں لے رہا۔

گیس کی کمیابی کے باعث ہائیڈرل پاور کی پیداوار بھی خاصی کم ہوگئی ہے جس سے بجلی کے شارٹ فال میں بھی اضافہ ہوا ہے۔اس وقت شہروں میں 8اوردیہات میں12گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔پن بجلی کی پیداوار کم ہونے کے باوجود بجلی بنانے کے دیگر ذرائع سے استفادہ نہیں کیاگیا جوکہ تشویشناک امر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ14500میگاواٹ ہے جبکہ پیداوار11000میگاواٹ ہے۔

طلب اور رسد میں3000میگاواٹ کافرق درحقیقت عوامی مشکلات میں مزید اضافے کاباعث ہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ حکومت کوچاہئے کہ وہ سردی کے مزید بڑھنے سے پہلے گیس کے مسئلے پرخصوصی توجہ دے تاکہ لوگ سردی کے موسم میں مزیدپریشانی سے بچ سکیں۔ عوامی مسائل پربھرپور توجہ دینا اور ان کوجلدازجلدحل کرناحکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔اگر عوام کی زندگیوں میں خوشحالی اور آسودگی نہیں آئے گی توجمہوریت کے ثمرات بے سود ہیں۔

تمام سیاسی جماعتوں کوچاہئے کہ وہ آپس کے اختلافات بھلاکر عوامی ایجنڈے پر متحد ہوکر کام کریں اسی میں ملک وقوم کی فلاح وبہبود اورترقی کاراز پنہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ لوگ موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی کاماضی کی حکومتوں سے موازنہ کررہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت وقت سابقہ حکمرانوں کے نجام سے سبق سیکھتے ہوئے ایسی پالیسیاں مرتب کریں جن سے واقعی میں عوام کوریلیف میسر آئے۔