سانگلہ ہل،پاکستان پیپلزپارٹی کے48ویں یوم تاسیس پر جیالوں کا پارٹی کی ابترحالت کے پیش نظرانوکھا انداز

پیپلزپارٹی کی دوبارہ عوامی مقبولیت اور سوئی قیادت کو جگانے کیلئے مقامی نہر کی پٹری پردریاں بچھا کر دعائیہ محفل کا انعقاد

پیر 30 نومبر 2015 18:43

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس پر سانگلہ ہل میں جیالوں نے پارٹی کی ابترحالت کے پیشِ نظر گہرے دکھ کے ساتھ انوکھا انداز اپناتے ہوئے تقریب کے انعقاد کی بجائے خدا کے حضور گڑگڑاتے ہوئے پیپلزپارٹی کی دوبارہ عوامی مقبولیت اور فعال ہونے اور پارٹی کی سوئی ہوئی قیادت کو جگانے کے لئے مقامی نہر کی پٹری پردریاں بچھا کر اور مسجد سے صفیں لاکر دعائیہ محفل کا انعقاد کیا۔

پیر کو اس میں پیپلزپارٹی سانگلہ کے بافی کارکنوں بابا محمد اسحاق،طالب حسین غفاری،بابا شاہ محمد ترمذی،محمد شفیق زاہدی،بابارفیق و دیگر نوجوان کارکنوں جیالوں نے شرکت کی۔تمام جیالوں نے کھلے پھٹے ہوئے کپڑے پہن رکھے تھے،انہوں نے ہاتھ آسمان کی طرف اٹھا کر اوراپنے قائد ذوالفقار علی بھٹو شہید کو یاد کرتے ہوئے دعاکی کہ اے خدا وندتعالٰی پیپلزپارٹی کی موجودہ قیادت کو قائد بھٹو شہیدجیسا شعور اور عوامی خدمت کا فن اور جذبہ عطاکرے۔

(جاری ہے)

کارکنوں نے کہا کہ آج پیپلزپارٹی کی حالت زارہاتھ میں کاسہ پکڑے پھٹے پُرانے کپڑوں والے گداگر کی طرح ہوچکی ہے،یہ حالت ہم سے نہیں دیکھی جاتی۔خدا وند کریم اپنا فضل خاص عطا کرے،اس دعا کے ساتھ کارکنوں نے پیپلز پارٹی کے بانی و قائد بھٹو شہید کی روح کو ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی کامیابی کے لئے بھی خصوصی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :