گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کیلئے افتخار ملک کا وفاقی وزیرخزانہ سے رابطہ

چھوٹے تاجروں کو فکسڈ ٹیکس میں لایا جائے ،انہیں فائلر بننے کا موقع فراہم کیا جائے،چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ

پیر 30 نومبر 2015 19:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء)تاجروں کو ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ بڑھانے کیلئے یونائٹیڈبزنس گروپ کے چیئرمین، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرافتخار علی ملک نے وفاقی وزیرخزانہ سے رابطہ کرلیا۔افتخار علی ملک نے وزیر خزانہ سے کہا ہے کہ وہ تاجروں کو ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کیلئے 31دسمبر تک توسیع کریں تاکہ تاجر بڑی تعداد میں فائلر بن سکیں۔

افتخار علی ملک نے وفاقی وزیرخزانہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے ان سے کہا کہ چھوٹے تاجروں کو فکسڈ ٹیکس میں لایا جائے اور انہیں فائلر بننے کا موقع فراہم کیا جائے،آج کا تاجر کل کا صنعتکار بنے گا اور وہ لوگوں کو روزگار کے موقع فراہم کرے گااس لئے تاجروں کو پکڑ دھکڑ کے بجائیانہیں انکم ٹیکس میں رجسٹریشن کرانے کا مکمل موقع دی جائے۔

(جاری ہے)

افتخار علی ملک نے وزیرخزانہ کو یہ بھی بتایا کہ گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے بزنس کمیونٹی کے ایک بہت بڑے اور تاریخی جلسے میں ملک بھر سے بزنس لیڈران شریک ہوئے،ہم نے تاجروں سے کہاہے کہ وہ این ٹی این حاصل کریں اور ریٹرنز فائل کریں لیکن تاجر بھی کہہ رہے ہیں کہ حکومت نے ودہولڈنگ ٹیکس کا مسئلہ حل کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہ اب تک حل نہیں ہوسکا ہے،تاجروں کو طرح طرح کے دستاویزی جھمیلوں میں نہ پھنسایا جائے بلکہ ان کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں اور ایک ایسا آسان رجسٹریشن فارم ہو جسے تاجر اپنی دکان پر لگاسکیں، تاجروں کو بلا خوف کاروبار کرنے کے مواقع دیئے جائیں۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت تاجروں کو فکسڈ ٹیکس میں لائے،ہم تاجربرادری کے حقوق کا تحفظ کریں گے،ایف پی سی سی آئی سے زبیر طفیل ٹیکس کے تمام معاملات پر وزارت خزانہ سے رابطے میں ہیں اور میں خود بھی صدر فیڈریشن میاں محمدادریس کے ساتھ تمام تر معاملات کی مانیٹرنگ کررہا ہوں،ہم سمجھتے ہیں کہ ودہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ ای سی کمیٹی میں لے جاکر آئینی طور پر حل کرایا جائے،ہمارے کچھ تحفظات ہیں انہیں دور کیا جائے کیونکہ ہم ملک بھر کی تاجر برادری کو کسی دھوکیمیں نہیں رکھیں گے۔

افتخار علی ملک نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو بتایا کہ ملک بھر کی90فیصد سے زائد بزنس کمیونٹی ہماے ساتھ ہے ،ملک کی ٹیڈ وانڈسٹری میری طاقت ہے اور ہم پر اعتماد کرتی ہے بزنس کمیونٹی نے ہمیں جو مینڈیٹ دیا ہے تو ہم بھی بزنس کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہم سے کئے گئے وعدے پورے کرے اورودہولڈنگ ٹیکس کیلئے تاجرنمائندوں سے جو بھی وعدے کئے گئے ہیں ان پر عملدرآمد ہونا چاہیئے، ہم اس سلسلے میں وزیراعظم میاں نوازشریف سے بھی ملیں گے،ہم وعدہ کرتے ہیں کہ جو تاجربزنس کرے گا وہ این ٹی این حاصل کرے گا،حکومت کو پچھلے کچھ دنوں میں نئے ٹیکس دہندگان ملے ہیں اور یہ تعداد مزید بڑھے گی۔