جنرل ہسپتال میں نامعلوم خاتون ایک ماہ کی بچی چھوڑ کر غائب ہو گئی

پرنسپل کی انتظامیہ کو بچی کی خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت، کئی بے اولاد جوڑے بچی گود لینے پہنچ گئے

پیر 30 نومبر 2015 19:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء )جنرل ہسپتال میں نامعلوم خاتون ایک ماہ کی بچی کو چھوڑ کر غائب ہوگئی۔ ہسپتال انتظامیہ نے بچی کو اپنی تحویل میں لے کر نرسری وارڈ میں داخل کرادیا ۔ جہاں بچی کی نگہداشت و ضروریات کا خیال رکھا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزہسپتال کے سرجیکل ایمرجنسی میں ایک نامعلوم عورت نے ایک ماہ کی فیڈر پیتی ہوئی بچی کو بستر پر لٹایا اور ارد گرد کے مریضوں کو یہ کہہ کر چلی گئی کہ وہ پرچی بنوانے جارہی ہے لیکن جب ایک گھنٹے تک وہ عورت واپس نہ آئی تو اس امر کی اطلاع انتظامیہ کو دی گئی۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے بچی کو فوری طور پر نرسری وارڈ میں داخل کرادیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بچی کا مکمل خیال رکھا جائے اور اس کی تمام ضروریات پوری کی جائیں۔ ہسپتال میں اس بارے خبر پھیلتے ہی کئی بے اولاد جوڑے بچی گود لینے پہنچ گئے تاہم پرنسپل ایل جی ایچ نے کہا کہ اس معاملے پر قواعد و ضوابط پر عمل کیا جائے گا۔