ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے سر براہوں کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت دینے کے مطالبے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

پیر 30 نومبر 2015 19:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالر شید نے ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے سر براہوں کو بھی انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت دینے کے مطالبے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی ۔

(جاری ہے)

سوموار کے روزاپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالر شید کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی جانیوالی قرار داد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان ایک جمہو ری ملک ہے اس لیے کسی بھی سیاسی جماعت کے سر براہ کو انتخابی مہم میں حصہ لینے سے روکنا جمہو ریت کی نفی ہے پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان الیکشن کمیشن سے مطالبہ کر تا ہے کہ وہ اپنے انتخابی ضابط اخلاق پر نظر ثانی کریں اور سیاسی جماعتوں کے سر براہوں کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے اس سے ملک میں جمہو ریت اور مضبوط ہوگی ۔