بلیک بیری لمیٹڈ نے پاکستان میں اپنی سروس بند کرنے کی مدت میں 30 دسمبر تک اضافہ کردیا

ڈیٹا تک رسائی کی سطح کا معاملہ ابھی بھی زیر بحث ہے، چیئر مین پی ٹی اے اسماعیل شاہ

پیر 30 نومبر 2015 19:39

بلیک بیری لمیٹڈ نے پاکستان میں اپنی سروس بند کرنے کی مدت میں 30 دسمبر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی بلیک بیری لمیٹڈ نے پاکستان میں اپنی سروس بند کرنے کی مدت میں 30 دسمبر تک اضافہ کردیا۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے رواں برس جولائی میں بلیک بیری سے اس کی بلیک بیری انٹرپرائز سروسز (بی ای ایس) تک رسائی کا مطالبہ کیا تھاجس میں ای میلز اور میسنجر میسجز بھی شامل تھے، دوسری صورت میں کمپنی کو اپنی سروس 30 نومبر تک بند کرنے کا کہا گیا تھاغیر ملکی میڈیا کے مطابق پی ٹی اے کے چیئرمین سید اسماعیل شاہ نے ڈیڈ لائن میں ایک ماہ کی توسیع کی تجویز دی جبکہ اس کی تصدیق بلیک بیری نے بھی اپنی ویب سائٹ پر کردی.اسماعیل شاہ کے مطابق ڈیٹا تک رسائی کی سطح کا معاملہ ابھی بھی زیر بحث ہے، ہم ڈیڈ لائن میں اضافہ کرسکتے ہیں اور وہ تب تک اپنا آپریشن جاری رکھ سکتے ہیں اس سے قبل بلیک بیری کمپنی نے 30 نومبر کے بعد سے پاکستان میں اپنا آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا تھاکمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) مارٹی بیئرڈ نے اپنے بیان میں اس کی تصدیق کی تھی بلیک بیری کی آفیشل ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بیان کے مطابق کمپنی اس مارکیٹ (پاکستان) سے بے دخل ہورہی ہے کیونکہ پاکستان میں ہماری موجودگی ہمارے صارفین کی رازداری کے تحفظ سے ہماری وابستگی پر اعتراض پیدا کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

سی او او کے مطابق جولائی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک کے موبائل فون آپریٹرز کو مطلع کیا کہ بلیک بیری کے بی ای ایس سرورز کو سیکیورٹی خدشات کی بنا پر دسمبر سے ملک میں آپریٹ نہیں کرنے دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے ملک میں ہمارے صارفین کے کمیونیکشین ڈیٹا تک مکمل رسائی کے مطالبے نے ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں چھوڑا کہ ہم مکمل طور پر یہاں سے چلے جائیں۔

مارٹی بیئرڈ نے کہاکہ پاکستانی حکومت ملک میں بلیک بیری انٹرپرائز سروس (بی ای ایس) کے تمام ٹریفک کی نگرانی کرنا چاہتی تھی،جس میں ای میلز اور بلیک بیری میسنجر میسجز بھی شامل تھے۔سی او او نے بیان میں کہا کہ پاکستان کا مطالبہ پبلک سیفٹی کا سوال نہیں تھا، ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مجرمانہ سرگرمیوں کی تحقیقات میں تعاون کرنے پر خوشی محسوس کرتے تاہم پاکستان کی جانب سے ہمارے تمام بی ای ایس سرورز اور صارفین کی مکمل معلومات تک رسائی کا مطالبہ کیا گیا تھابولو بھی کی ڈائریکٹر اور ڈیجیٹل رائٹس ایکٹوسٹ فریحہ عزیز کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پاکستان میں صورتحال خراب تر ہوتی جارہی ہے اور وہ کمپنیز جن کیلئے ڈیٹا کی پرائیویسی اور بات چیت کی حفاظت سب سے اہم ہے یہاں اپنی موجودگی برقرار رکھنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بلیک بیری کے اس اقدام سے دیگر کمپنیاں بھی پاکستانی حکومت کی تعمیل کے سلسلے میں سول سوسائٹی آرگنائزیشن کے ریڈار پر آگئی ہیں۔ انھوں نے سوال کیا کہ حقوق پہلے یا بزنس؟ یاد رہے کہ جولائی میں پی ٹی اے نے اپنے نوٹی فیکیشن میں کہا تھا کہ سیکیورٹی ایجنسیز کی جانب سے تحفظات کے اظہارکے باعث موبی لنک، یوفون اور ٹیلی نار سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنے بی ای ایس صارفین کو 30 نومبر 2015 سے ان کے کنکشنز کی بندش کے حوالے سے 90 دن کا نوٹس دے دیں۔

سیکیورٹی خدشات کی بنا پر بلیک بیری سروس کی معطلی کا پہلا نوٹس رواں برس کے آغاز میں جاری کیا گیا تھا تاہم پی ٹی اے نے اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ میسنجر اور بلیک بیری انٹرنیٹ سروسز (بی آئی ایس) جیسی بلیک بیری سروسز جاری رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :