پاکستان اور افغانستان کا دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور دہشتگردی کیخلاف مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق

وزیراعظم نوازشریف کی اشرف غنی کو افغان عوام پر مشتمل مفاہمتی عمل میں تعاون کی بھی پیشکش

پیر 30 نومبر 2015 20:47

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف اور افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کے درمیان پیر س میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات،خطے کی صورتحال،دہشتگردی کے خلاف جنگ ،افغانستان کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق پیر کو پیرس میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف اور افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کے درمیان ملاقات ہوئی ۔

دونوں رہنماؤں نے پاک افغان تعلقات ،دہشتگردی کے خلاف جنگ،خطے کی صورتحال،افغان امن عمل سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر نوازشریف نے کہاکہ افغانستان کے ساتھ دوستانہ اورتعاون پر مبنی تعلقات کے خواہاں ہیں ،افغانستان میں خودمختار ریاست اور برابری کی سطح پر تعلقات کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ افغانستان میں اتحادی حکومت کو ہی قانونی اور جمہوری طور پر طور پر منتخب شراکت دار سمجھتے ہیں،پاکستان ہمسایوں کے ساتھ طویل المدت شراکت داری کے قیام کیلئے پرعزم ہے ۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ افغانستان میں امن واستحکام ہمار اہم اور اولین ہدف ہے ،پاکستان مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے جو پورے خطے کے مفاد میں ہے ۔انھوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کو دہشتگردی کے مشترکہ خطرے کا سامنا ہے ۔پاکستان دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے ۔وزیراعظم نے افغان عوام پر مشتمل مفاہمتی عمل میں تعاون کی بھی پیشکش کی۔

وزیراعظم نے افغان صدر کو دہشتگردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر افغان صدر نے پرامن دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کے عزم کاایادہ کیا اور کہاکہ پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔دونوں رہنماؤں کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اقتصادی اور تجارتی تعاون دوطرفہ تعلقات میں اہمیت کا حامل ہے ۔سیاسی عمل پر یقین اور افغان حکومت کے ساتھ کام کرنے والوں سے بات ہوگی ۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور دہشتگردی کیخلاف مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھاکہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کا خواہاں ہے اورسلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ اس سے قبل ماحولیاتی کانفرنس کے دوران وزیر اعظم نواز شریف سے شیڈول سے ہٹ کر بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے بھی ملاقات کی ہے جو انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے،دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔