ماتحت عدلیہ میں کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائیگا، ججز سائلین کوانصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں‘ جسٹس اعجاز الاحسن

سائلین کو انصاف کی فوری فراہمی عدلیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ،تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جائے‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا صوبہ بھر کی ماتحت عدلیہ کے سیشن ججز کے اجلاس سے خطاب

پیر 30 نومبر 2015 21:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ہے کہ ماتحت عدلیہ میں کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ججز سائلین کوانصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں، سائلین کو انصاف کی فوری فراہمی عدلیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب بھر کی ماتحت عدلیہ کے سیشن ججزکے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں پنجاب کے ہر ضلع کے سیشن جج نے چیف جسٹس کوضلعی عدلیہ کی کارکردگی رپورٹ اورزیرسماعت مقدمات کی تفصیلات پیش کیں۔اس موقع پر فاضل چیف جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ضلعی عدلیہ میں کسی بھی صورت کرپشن کو برداشت نہیں کیاجائے گا تمام سیشن ججز کرپشن کے خاتمے کے لئے مثبت کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

ضلعی عدلیہ کے تمام ججز کو مساوی بنیادوں پر مقدمات تقسیم کئے جائیں تاکہ انصاف کی بروقت فراہمی کے عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ سیشن ججز کو ہدایت کی کہ فیملی اور گارڈین کورٹس میں بھی تمام کیسز ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں۔فاضل چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سائلین اپنے مسائل کے حل کیلئے عدالتوں کارخ کرتے ہیں،،سائلین کو انصاف کی فوری فراہمی عدلیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔