پیپلز پارٹی شہداء اور غازیوں کی پارٹی اور عوام کی روح ہے جس نے ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد کی ہے،مولابخش چانڈیو

پیپلز پارٹی وہ واحد پارٹی ہے جو ملک و صوبے کو زندہ رکھے ہوئے ہے ، 60سال کے دوران ملک و صوبے کو لوٹا گیا مگر پی پی پی نے ملک میں بڑے ترقیاتی کام کروا کر عوام کو سہولیات فراہم کیں،مشیراطلاعات سندھ

پیر 30 نومبر 2015 21:14

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے صوبائی مشیر برائے محکمہ اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہداء اور غازیوں کی پارٹی اور عوام کی روح ہے جس نے ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ضلع کونسل حیدرآباد میں پارٹی کے 48ویں یوم تاسیس کے موقع پر ایک بڑے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کو آئین دیااور ہمیشہ غریبوں، خواتین اور مزدوروں کو انکے حقوق دیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد پارٹی ہے جو ملک و صوبے کو زندہ رکھی ہوئی ہے ۔ گذشتہ 60سال کے دوران ملک اور صوبے کو لوٹا گیا مگر پی پی پی نے ملک میں بڑے ترقیاتی کام کروا کر عوام کو سہولیات فراہم کیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی پی پی صر ف غریبوں کے ساتھ کھڑی ہے جس کی وجہ سے غریب عوام اس پارٹی پراعتماد کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہمیشہ عوام کی بات کرتی تھیں جس کی وجہ سے انہیں راستے سے ہٹا یا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی پی پی کی ایک بڑی ریلی نکالی گئی اور مخالفین کہتے ہیں کہ پی پی پی ختم ہو چکی ہے مگر پی پی پی کی جڑیں عوام میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف علی زرداری اگر پاکستان کھپے کا نعرہ نہیں لگاتے تو ملک خطرے میں پڑجاتا اور کہا کہ آنے والے وقت میں بلاول بھٹو پنجاب میں جائیں گے جہاں وہ جیالوں کے ساتھ پارٹی کو متحد اور مضبوط کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی کل بھی زندہ تھی ، زندہ ہے اور زندہ رہے گی جوکہ عوام کی روح میں سمائی ہوئی ہے ۔ صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ حال ہی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران پی پی پی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل کیا لیکن کچھ پارٹیوں نے اس پر عمل نہیں کیا ۔ اس سے یہ ثابت ہوتاہے کہ پی پی پی ایک جمہوری اداروں اور الیکشن کمیشن پاکستان کا احترام کرنے والی پارٹی ہے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ان کے خون میں بھٹو ہے اوروہ ملک کا مقدر ہے مستقبل میں وہ ملک کا اقتدار سنبھالے گے انھوں نے کہا کہ جو پارٹیاں اپنا گھر نہیں سنبھال سکتیں وہ ملک کو کیسے چلاسکتی ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ میاں صاحب کی پارٹی اس وقت علاقائی پارٹی بن چکی ہے ۔ عمران خان ایک صوبے میں الیکشن جیت کر ملک کی حکمرانی نہیں کر سکتے ۔ انھوں نے کہا کہ بدین کو ہم نے 30 سال سے سنبھال رکھا ہے اگر کسی نے ایک میونسپل کمیٹی جیتی ہے لیکن وہ پورے بدین میں تو نہیں جیتی ہے کراچی آپریشن کو پی پی پی نے قبول کیا لیکن کچھ پارٹیاں ان کی مخالفت کر رہی ہیں۔

یوم تاسیس کی تقریب سے پی پی پی ضلع حیدرآباد کے صدر زاہد بھرگڑی ، نائب صدر امان اﷲ سیال ، وزیر اعلیٰ سندھ کے پولیٹیکل اسسٹنٹ عبدالجبار خان نے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے روشنی ڈالی تقریب میں پی پی پی عہدیداران سید فیاض علی شاہ ، سید سلیم شاہ ، صغیر احمد قریشی ، انجینیر سکندر حیات ، پی پی ضلع حیدر آباد کی خواتین ونگ کی عہدیداران کے علاوہ پارٹی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ قبل ازیں صوبائی مشیر نے ہوسڑی میں حاجی جام خان شورو کے انتقال پر ان کے بھائی حاجن شورو سے تعزیت کی ۔

متعلقہ عنوان :