سانحہ یوحنا آباد ،ملزم اسلم پرویز سہوترا کی درخواست ضمانت پر فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب

پیر 30 نومبر 2015 21:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء)لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ یوحنا آباد میں توڑ پھوڑ اور دو شہریوں کو زندہ جلانے کے مقدمہ میں ملوث ملزم اسلم پرویز سہوترا کی درخواست ضمانت پر سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس ارم سجاد گل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

درخواست گزار ملزم اسلم پرویز سہوترا کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے سانحہ یوحنا آباد کے بعد مسیحیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کرنے کی بنیاد پر گرفتار کر رکھا ہے اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کے بعد بے بنیاد طور پر سانحہ یوحنا آباد کے مقدمہ میں نامزد کر دیا ہے، ملزم کو اقلیتوں کے حقوق کے لئے کام کرنے کی سزا دی جا رہی ہے ملزم کا وقوعہ سے کوئی تعلق نہیں لہٰذا ضمانت منظور کی جائے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل خرم خان نے عدالت کو بتایا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی تحقیقاتی رپورٹ کے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے اور سانحہ کے بعد ملزم نے مظاہرین کو بڑھکایا جس کی وجہ سے دو شہریوں کو زندہ جلا دیا گیا ۔ عدالت نے مزید سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔