نریندر مودی سے اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی ، کچھ ایسی باتیں نہیں بتا سکتا جو ہم دونوں کے درمیان ہوئی ہیں،تمام ممالک کو مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے، افغان صدر اور برطانوی وزیراعظم سے ملاقاتوں میں افغان سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

وزیراعظم نوازشریف کی پیرس میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

پیر 30 نومبر 2015 23:01

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی ہے ،میں کچھ ایسی باتیں نہیں بتا سکتا جو ہم دونوں کے درمیان ہوئی ہیں،تمام ممالک کو مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے، افغان صدر اشرف غنی اور برطانوی وزیراعظم سے ملاقاتوں میں اہم امور پر بات چیت کی گئی۔

انھوں نے یہ بات پیرس میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔نوازشریف نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا ماحول کم کرنے کے امور زیر بحث آئے ،جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا نریندر مودی سے آپ نے مسئلہ کشمیر پر کوئی بات کی ہے اس پر وزیراعظم نے کہاکہ تھوڑے سے وقت میں ساری باتیں نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

اتنا بتا سکتا ہوں ان سے اچھے ماحول میں اچھے انداز میں بات چیت کو آگئے بڑھانے کی خواہش کا اظہا رکیا گیا اور ہم دونوں کے درمیان کچھ ایسی باتیں ہوئی ہیں جو پوری دنیا کے سامنے نہیں نشرکرنا مناسب نہیں ہے۔وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ برطانوی وزیراعظم اور افغان صدر کے ساتھ ملاقات میں افغان میں امن واستحکام پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کو مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے، ہمیں اپنے اچھے جذبات کو بھی عمل میں لانا چاہیے۔