امریکا میں چور گھر کی چمنی میں پھنس کر ہلاک

منگل 1 دسمبر 2015 12:35

لاس اینجلس۔یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 نومبر۔2015ء) امریکی ریاست کیلیفورنیا کی پولیس نے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز ایک مشتبہ چور اس وقت ہلاک ہو گیا جب اس نے ایک مکان کی چمنی سے اندر داخل ہونے کی کوشش کی مگر چمنی میں پھنس جانے کے بعد دھوئیں اور آگ کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

(جاری ہے)

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 19 سالہ کوڈے کولڈویل نامی ایک مشتبہ چور ایک مقامی شہری کے گھر کی چمنی کے راستے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا مگر وہ چمنی کے پائپ ہی میں پھنس گیا۔

اس وقت گھرمیں کوئی بھی موجود نہیں تھا۔ مالک مکان نے واپسی کے بعد چمنی میں آگ چلائی تو اسے کسی کے کراہنے اور چیخنے کی آوازیں سنائی دیں۔ اسے اندازہ ہوا کہ چمنی میں کوئی شخص پھنسا ہے۔ اس نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔پولیس نے موقع پرپہنچ کر چمنی میں پھنسے شخص کو نکالا۔ اسپتال لے جانے پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مشتبہ چور کی موت چمنی کے اندر ہی دھوئیں سے دم گھٹنے اور آگ کے شعلوں سے جھلسنے سے ہو گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :