رواں عمرہ سیزن کے دوران 60 لاکھ زائرین کی حجازِ مقدس آمد متوقع ہے،سعودی وزیر حج

منگل 1 دسمبر 2015 12:37

ریاض۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 نومبر۔2015ء) سعودی عرب میں رواں ہجری سال کے دوران دنیا بھر سے ساٹھ لاکھ سے زیادہ زائرین عمرہ کی آمد متوقع ہے۔زائرین کو ہر طرح کی سہولتیں مہیا کرنے کے لیے سعودی حکومت نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔سعودی عرب کے وزیر حج بندر حجار نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ان کی وزارت نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں آنے والے معزز مہمانوں کے خیرمقدم کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت نے اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے لیے اپنے عملے اور اہلکاروں کو تعینات کردیا ہے تاکہ وہ زائرین عمرہ کی ہر طرح سے معاونت کرسکیں۔وزارت حج نے حال ہی میں زائرین عمرہ کو بہتر خدمات مہیا کرنے کے سلسلے میں اجلاسوں اور ورکشاپس کا انعقاد کیا ہے جہاں عمرہ فرموں اور خدمات مہیا کرنے والی کمپنیوں سمیت تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کو مدعو کیا گیا تھا۔وزارت حج نے اس مرتبہ عمرے کے انتظامات کو مربوط بنانے کے لیے نئے اقدامات کیے ہیں اور عمرے کے لیے لائسنس یافتہ فرموں سے کہا گیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے اندر اور بیرون ملکوں زائرین کو خدمات مہیا کرنے کے سلسلے میں رہ نما اصولوں کی پابندی کریں۔

متعلقہ عنوان :