عمرہ سیزن کے لیے 75زبانوں کے تراجم پر مشتمل قرآن پاک کے 10 لاکھ نسخوں تیاری

منگل 1 دسمبر 2015 12:50

ریاض ((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء))سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے عمرہ سیزن کے دوران بیت اللہ کی زیارت کے لیے آنے والے دنیا بھر کے مسلمان زائرین کی سہولت کے لیے 75 زبانوں کے تراجم پر مشتمل قرآن کے 10 لاکھ نئے نسخوں کی تیاری کا عمل شروع کیا ہے۔سعودی اخبارکی رپورٹ کے مطابق 1437ھ کے عمرہ سیزن کے موقع پر مسجد حرام کے شعبہ طباعت اشاعت قرآن کریم کی جانب سے قرآن پاک کے ایک ملین نسخے تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سادہ قرآن پاک کے ساتھ ساتھ حکومت 75 عالمی زبانوں میں قرآن پاک کے مستند تراجم بھی شائع کر رہی ہے۔شعبہ طباعت قرآن کے ڈائریکٹر محمد السلانی نے میڈیا کو بتایا کہ زائرین اور متعتمرین کے لیے ایک ملین نئے قرآنی نسخے طبع کیے جا رہے ہیں جنہیں جلد ہی مسجد حرام کی الماریوں کی زینت بنا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ قرآن پاک کے نسخوں کی طباعت و اشاعت کی ذمہ داری شاہ فہد پرنٹنگ سوسائٹی کے ذمہ ہے۔

قران پاک کے ایک ملین نسخوں کی تیاری کے ساتھ ساتھ تلاوت کے وقت قرآن پاک رکھنے کے لے لکڑی کے 733،کاپر کے 2200 اور ایلومینیم کے 850چھوٹے بنچ بھی تیار کروائے جا رہے ہیں۔دنیا بھر آئے مختلف زبانیں بولنے والے معتمرین کی سہولت کے لیے قرآن کریم کے 75 زبانوں میں تراجم بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔ اس شعبے میں 24 گھنٹے 79 ماہرین مسلسل کام کر رہے ہیں۔عمرہ کے اسلامی طریقہ کار پر مشتمل رہ نما کتابچے کی بھی لاکھوں کاپیاں تیار کی جا رہی ہیں۔ پروگرام کے مطابق عمرہ گائیڈ بک کی 17 لاکھ 50 ہزار کاپیاں تیار کی جائیں گی۔ عمرہ گائیڈ بک میں مناسک عمرہ کے طریقے، عبادات کے اوقات اور طریقہ کار عربی، اورد، انڈونیشین ترکی، فرانسیسی، بنگالی اور انگریزی میں بتائے گئے ہیں۔