پنجاب کے متعدد شہروں کو شدید دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، حد نگاہ صفر پر پہنچ گئی

منگل 1 دسمبر 2015 13:00

اسلام آباد/فیصل آباد /ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء) پنجاب کے متعدد شہروں کو شدید دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ،موٹروے پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر پر پہنچ گئی ، 2ٹرک اور3کاروں سمیت7گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ،مختلف ٹریفک حادثات میں 3افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے،محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ر ہنے کی پیشگوئی کردی ۔

منگل کو ترجمان موٹروے کے مطابق موٹروے ایم تھری فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں پر شدید دھند تھی جس کے باعث ایک حادثے کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوگئے اس کے علاوہ ساہیانوالہ اور دیگر مقامات پر بھی حادثات ہوئے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعددافراد زخمی ہوگیے۔

(جاری ہے)

موٹروے حکام نے بڑھتے ہوئے حادثات اور حد نگاہ صفر ہونے کے باعث سڑک ٹریفک کیلئے بندکردی جسے بعدازاں دھند کم ہونے پر ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔

ترجمان موٹروے کے مطابق حد نگاہ 200 میٹر ہونے پر موٹروے کھول دی گئی ،اچانک شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی ،جس کے باعث ساہیانوالہ کے قریب حادثہ،2ٹرکوں اور3کاروں سمیت7گاڑیاں ٹکرا گئیں۔ فیصل آباد میں روشن والا بائی پاس پر بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ تیزرفتاربس نے موٹرسائیکل کو ٹکر دے ماری جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تاہم بس کا ڈرائیورفرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد/خشک رہے گا۔آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ ملک میں ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت میں سکردو، قلات منفی05، استور ، پاراچنارمنفی 04، گوپس منفی 03 ، ہنزہ، گلگت منفی 02، دیر منفی01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :