ودہولڈنگ ٹیکس کی جو بھی تاریخ مقرر کردی جائے ادا نہیں کرینگے:شاہین احسان

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 1 دسمبر 2015 13:23

سرگودھا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔یکم دسمبر۔2015ء) ود ہولڈنگ ٹیکس کی تاریخ 31 دسمبر کی بجائے 30 جون بھی کردی جائے تاجر ٹیکس ادا نہیں کرینگے۔ حکومت کو ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سرگودھا چیمبر آف کامرس کے سینئر ممبر شاہین احسان نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 30 نومبر کو آنیوالے منی ٹیکس نے ثابت کردیا ہے کہ حکومت غریب کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ چھیننے کے در پے ہے۔

(جاری ہے)

ٹیکسوں کی بھرمار کے باعث چھوٹی صنعتیں تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں لوگ سرمایہ کار پاکستان میں کرنے کی بجائے بیرون ملک کرنے پر مجبور ہیں حکمرانوں کی شہ خرچیاں غریب عوام کیلئے وبال جان ہیں۔ شاہین احسان نے کہا کہ تاجر حکومت کی توقع سے تین گنا زائد ٹیکس دینے کیلئے تیار ہیں بشرطیکہ ٹیکسوں کی وصولی تاجروں کی منشاء کے مطابق کی جائے اگر حکومتی محکمے سالانہ ایک ارب روپے کا ٹیکس لیتے ہیں تو تاجر تین ارب کا ٹیکس دینے کو تیار ہیں شرط یہ ہے کہ ٹیکسوں کی وصولی کا طریقہ کار تاجروں کی مشاورت سے لاگو کیا جائے۔