بگ تھری سے متعلق باتیں محض بیانات کی حد تک ہیں ، اعجاز بٹ

منگل 1 دسمبر 2015 14:38

بگ تھری سے متعلق باتیں محض بیانات کی حد تک ہیں ، اعجاز بٹ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء) پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی) کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے کہاہے کہ پاک بھارت سیریز کا انعقاد ہونا چاہئے تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان کو مثبت جواب دے۔ ان کا کہنا ہے کہ بگ تھری کے بارے میں باتیں محض بیانات کی حد تک ہیں کیونکہ بھارت سمیت تینوں بڑے ملکوں نے کھیل کے وسائل پر مکمل قبضہ کر رکھا ہے۔

گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی شہریارخان سے ملاقات کے بعد ان کا قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کہنا تھا کہ حکومت پاکستان باہمی سیریز کیلئے اجازت دے چکی اور بھارت کی جانب سے جواب کا انتظار ہے اور دیکھنا یہ ہے کہ ان کی طرف سے کیا موقف سامنے آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کی کمی کے پیش نظر سیریز ایک ہفتہ آگے کی جا سکتی ہے مگر اصل بات بھارتی حکومت کی رضامندی ہے۔

(جاری ہے)

بگ تھری سے متعلق بھارتی بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر کے بیان پر اعجاز بٹ نے کہا کہ یہ محض بیان کی حد تک ہے کیونکہ بھارت سمیت تینوں ممالک نے آئی سی سی کے تمام وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو ،دو سال بعد روٹیشن پالیسی کے تحت صدارت تو بدل رہی ہے اور اب یہ عہدہ پاکستان کے پاس مگر بے اختیار ہے جس پر ارکان کو بات کرنی چاہئے کہ صدر کو بھی کچھ اختیارات حاصل ہوں۔ انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناکامی اور قیادت کی تبدیلی پر ان کا کہنا تھا کہ یہ سوال ان سے کریں جن کو کپتان یا کھلاڑی تبدیل کرنا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں نور خان کی جانب سے رویہ کی شکایت پر انہوں نے اس کھلاڑی کو فوری وطن واپس بھیج دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :