دیہی علاقوں کو ترقی سے ہمکنار کرنے ،وہاں کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے رابطہ سڑکوں کی تعمیر پرتوجہ دے رہے ہیں،امجدعلی

منگل 1 دسمبر 2015 16:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت دیہی علاقوں کو ترقی سے ہمکنار کرنے اور وہاں کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے رابطہ سڑکوں کی تعمیر پرخصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مد میں بھاری رقوم خرچ کی جارہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گمکوٹ خزانہ روڈ سوات کے تعمیری منصوبے کے معائنے کے دوران کیا۔

خزانہ روڈ کی تعمیر پر تقریباً 22کروڑ روپے خرچ ہو نگے اور اس سے علاقے کے 15دیہات کی آبادی کو آمدورفت اور تجارت کی سہولیات میسر ہونگیں۔ڈاکٹر امجد علی نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ معیار کا خاص خیال رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گمکوٹ خزانہ سڑک سے ایسے علاقے منسلک ہیں جہاں سے پورے پاکستان کو سبزیاں،فروٹ اور مختلف اقسام کے پھل ترسیل ہوتے ہیں اور سڑک کی تعمیر کے بعد ان اشیاء کی منڈیوں تک ترسیل بروقت ہو سکے گی۔

ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ مذکورہ سڑک اس لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس علاقے میں بدھ مت کے آثار قدیمہ ہیں اوراس علاقے میں بدھ مت کے زمانے میں عظیم درس گاہ تھی جسکے آثار دیکھنے کیلئے اب سیاح آسانی سے سفر کر سکیں گے اسی طرح خزانہ روڈ پر باڑئی بابا کامزار ہے جو بہت بڑے ولی تھے اور لاکھوں عقیدت مند ان کے مزار پر آتے ہیں جس کے باعث اس منصوبے کی تکمیل عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جو موجودہ صوبائی حکومت نے پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا اپنا اولین فرض سمجھتی ہے اورانہیں درپیش مشکلات سے نجات دلا کر دم لینگے۔اس موقع پر ضلعی کونسلر زمین خان،ویلج چےئرمین فرمان علی اورعلاقے کے دیگر عمائدین بھی انکے ہمراہ تھے۔