شعیب ملک انگلینڈ کیخلاف ففٹی پلس سکور کرنیوالے پہلے پاکستانی بیٹسمین بن گئے

منگل 1 دسمبر 2015 17:04

شعیب ملک انگلینڈ کیخلاف ففٹی پلس سکور کرنیوالے پہلے پاکستانی بیٹسمین ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء)قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈرشعیب ملک انگلینڈکے خلاف ففٹی پلس سکور کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بن گئے،اس کے ساتھ تین سال بعد پہلی ٹی ٹونٹی ففٹی اسکور کرتے ہوئے اپنا کیرئیربیسٹ انفرادی اسکوربھی بہتر کردیا۔انگلینڈکے خلاف شعیب ملک نے بہترین انفرادی اننگز کاریکارڈ اپنے نام درج کروالیا۔

شعیب ملک نے انگلینڈکے خلاف تیسرے ٹوئنٹی20انٹرنیشنل میچ میں 54 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مددسے 75رنزکی شاندار اننگز کھیلی جو نہ صرف کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کا انگلینڈکے خلاف بہترین انفرادی اسکورہے بلکہ پہلی ففٹی پلس اننگز بھی ہے۔اس سے قبل یہ اعزاز مشترکہ طورپر تین بیٹسمینوں یونس خان،عبدالرزاق اور محمد حفیظ کے نام تھا جنہوں نے 46،46رنزکی اننگز کھیلی تھیں۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بات بھی قابل ذکرہے کہ اب تک انگلینڈکے خلاف پاکستانی بیٹسمینوں نے مجموعی طورپر143انفرادی اننگز کھیلی ہیں تاہم اْن میں صرف چار بار ہی اْ ن کا اسکور40رنزکا ہندسہ عبور کرسکاہے۔واضح رہے کہ انگلینڈکے خلاف مجموعی طورپر سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزازآسٹریلیاکے آئرون فنچ کے نام ہے جنہوں نے 29 اگست 2013ء کو ساؤتھمپٹن کے مقام پر 63 گیندوں پر گیارہ چوکوں اور چودہ چھکوں کی مددسے 156رنزکی اننگز کھیل ڈالی تھی جو نہ صرف انگلینڈ بلکہ ٹوئنٹی20تاریخ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف کسی بیٹسمین کی سب سے بڑی انفرادی اننگز بھی ہے۔

علاوہ ازیں 75رنز،شعیب ملک کے ٹوئنٹی20کیرئیر کی بہترین انفرادی اننگز بھی ہے،اس سے قبل اس فارمیٹ میں اْن کا بہترین انفرادی اسکور57*رنزتھا جو انہوں نے دو مختلف مواقعوں پر بھارت اور سری لنکا کے خلاف بنایاتھا۔یہاں یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہیں ہے کہ شعیب ملک نے تقریباً تین سال کے طویل انتظار کے بعد ٹوئنٹی20فارمیٹ میں اپنی پہلی ففٹی اسکورکی ہے ،اس سے قبل اْن کی آخری ایسی اننگز 25دسمبر2012ء کو بھارت کے خلاف بنگلور کے مقام پر سامنے آئی تھی۔

75رنزکی شاندار اننگز کھیلنے پرشعیب ملک کو تیسرے ٹوئنٹی 20 میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا جو اْن کا اس فارمیٹ میں سات سالوں بعد پہلا ایوارڈ ہے۔شعیب ملک نے اب تک ٹوئنٹی20کرکٹ میں مجموعی طورپر2ایوارڈز حاصل ہے،اس سے قبل اْس نے ایسا پہلا ایوارڈ 11 اکتوبر 2008ء کو کنگ سٹی کے مقام پر سری لنکا کے خلاف 42* رنزکی ناقابل شکست اننگز کے علاوہ ایک وکٹ حاصل کرکے اپنے نام کیاتھا۔