حضرو میں کیری ڈبہ کی ٹکر سے گرنے والے موٹرسائیکل سواروں کو بس نے کچل ڈالا،دونوں موقع پر جاں بحق ،بس ڈرائیور گرفتار

حضرو پولیس نے نامعلوم کیری ڈبہ کی تلاش شروع کر دی، لاشیں گاؤں پہنچتے ہی کہرام مچ گیا

منگل 1 دسمبر 2015 17:21

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء) حضرو میں موٹر سائیکل کو کیری ڈبہ کی پیچھے سے لگنے والی ٹکر کے نتیجہ میں اچھل کر مخالف سمت گرنے والے دو نوجوانوں کو بس نے کچل ڈالا، دونوں نو خیز لڑکے موقع پر جاں بحق ہوگئے، کیری ڈبہ فرار ہونے میں کامیاب ، بس ڈرائیور گرفتار، حضرو پولیس نے نامعلوم کیری ڈبہ کی تلاش شروع کر دی، لاشیں گاؤں پہنچتے ہی کہرام مچ گیا، تفصیلات کے مطابق منگل کی دوپہر ایک بجے کے بعد وقار علی ولد تاج ملوک ، شکیل احمد ولد حکیم خان ساکنان موسیٰ عمر تقریباً 20سال ایک موٹر سائیکل نمبری AKL2114پر تربیلہ موڑ سے ہٹیاں روڈ پر موسیٰ کی طرف جا رہے تھے کہ ہٹیاں حضرو روڈ پر سول ہسپتال تربیلہ موڑ، دی ویلج ریسٹورنٹ کے قریب پیچھے سے ان کی موٹر سائیکل کو ایک نامعلوم کیری ڈبہ نے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں وہ اچھل کر مخالف سمت سڑک (دوسری جانب)چلے گئے ، بدقسمتی سے اس روڈ پر ہٹیاں سے کوسٹر نمبری7882 LZJحضرو آ رہی تھی جس کے نیچے وہ کچلے گئے جس پر دونوں موقع پر دم توڑ گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کا جم غفیر سول ہسپتال حضرو جمع ہو گیا اور موسیٰ سے سینکڑوں لوگ بھی پہنچ گئے، اس موقع پر دونوں جاں بحق لڑکوں کے لواحقین زاروقطار روتے رہے جس سے ماحول انتہائی افسردہ دکھائی دیا۔

(جاری ہے)

حضرو پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کرکے تفتیش اور کیری ڈبہ کی تلاش شروع کر دی ہے، دونوں لاشیں موسیٰ گاؤں میں پہنچیں تو کہرام مچ گیا ، اس موقع پر اہلیان موسیٰ نے سینئر صحافی نثار علی خان کو بتایا کہ دونوں نوجوان قریبی دوست تھے اور انتہائی خوش اخلاق اور ملنسار تھے، ایک لڑکے کا والد گاؤں میں کھیتی باڑی کرتا ہے جبکہ دوسرے کا والد روزگار کے سلسلہ میں بیرون ملک ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ کیری ڈبہ ڈرایؤر کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :