عمرہ سیزن ، قرآن مجید کے 10 لاکھ نسخوں کی تیاری

کتاب اﷲ کے 75 زبانوں میں تراجم شائع کیے جارہے ہیں،شعبہ طباعت

منگل 1 دسمبر 2015 18:46

الریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء)سعودی عرب کی حکومت نے عمرہ سیزن کے دوران بیت اﷲ کی زیارت کے لیے دنیا بھر سیآنے والے زائرین کی سہولت کے لیے 75 زبانوں میں تراجم پر مشتمل قرآن کے 10 لاکھ نئے نسخوں کی چھپائی کا عمل شروع کردیا ہے،سعودی عرب کے موقر اخبار کی رپورٹ کے مطابق 1437کے عمرہ سیزن کے موقع پر مسجد الحرام کے شعبہ طباعت اشاعت قرآن کریم کی جانب سے قرآن پاک کے ایک ملین نسخے تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سادہ قرآن پاک کے ساتھ ساتھ حکومت 75 عالمی زبانوں میں قرآن پاک کے مستند تراجم بھی شائع کر رہی ہے۔

شعبہ طباعت قرآن کے ڈائریکٹر محمد السلانی نے میڈیا کو بتایا کہ زائرین اور متعتمرین کے لیے ایک ملین نئے قرآنی نسخے طبع کیے جا رہے ہیں جنہیں جلد ہی مسجد حرام کی الماریوں کی زینت بنا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ قرآن پاک کے نسخوں کی طباعت و اشاعت کی ذمہ داری شاہ فہد پرنٹنگ سوسائٹی کے ذمہ ہے۔ قران پاک کے ایک ملین نسخوں کی تیاری کے ساتھ ساتھ تلاوت کے وقت قرآن پاک رکھنے کے لے لکڑی کے 733،کاپر کے 2200 اور ایلومینیم کے 850چھوٹے بنچ بھی تیار کروائے جا رہے ہیں۔

اس شعبے میں 24 گھنٹے 79 ماہرین مسلسل کام کر رہے ہیں۔عمرہ کے اسلامی طریق کار پر مشتمل رہ نما کتابچے کی لاکھوں نقول تیار کی جا رہی ہیں۔ پروگرام کے مطابق عمرہ گائیڈ بک کی 17 لاکھ 50 ہزار نسخے شائع کیے جائیں گے۔ عمرہ گائیڈ بک میں مناسک عمرہ، عبادات کے اوقات اور طریق کار عربی، اردو، انڈونیشی، ترکی، فرانسیسی، بنگالی اور انگریزی زبانوں میں بتائے گئے ہیں۔