آپریشن ضرب عضب جلد پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے ،درآمدی چاکلیٹ اور پنیر کھانے والوں کو کچھ ملک کو بھی دینا چاہیے ‘ اسحاق ڈار

ٹیکس سے حاصل ہونیوالی آمدنی سے صوبوں کو بھی فنڈز دئیے جائینگے‘ وفاقی وزیر خزانہ کی داتار دربار میں میڈیا سے گفتگو

منگل 1 دسمبر 2015 19:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب جلد پایہ تکمیل تک پہنچنے والا ہے ،کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ اپنی ضروریات کے مطابق ادائیگی کی سکت رکھنے والوں پر ٹیکس لگایا گیا ،صرف درآمدی اشیا پر ڈیوٹی عائد کی گئی ہے، جو لوگ درآمدی چاکلیٹ اور پنیر کھاتے ہیں انہیں کچھ ملک کو بھی دینا چاہیے ، اس آڑ میں اگر کسی نے مقامی اشیا ء کی قیمتیں بڑھائیں تو ان کیخلاف کارروائی ہوگی، آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان بہت پیچھے ہے لیکن اب اس کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،پاکستان میں ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے داتا دربار کی جامعہ جامعہ ہجویریہ میں کمپیوٹر لیب کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ رواں مالی کی پہلی سہ ماہی میں محصولات کی وصولی میں 40 ارب کی کمی تھی جسے پورا کرنے کے لئے ٹیکس لگائے گئے ہیں۔ملک کو مزید فنڈز کی ضرورت ہے ،یہ ٹیکس پرتعیش اور درآمدی اشیا ء پر لگایا گیاہے، ٹیکس درآمدی کاسمیٹکس استعمال کرنے والوں،پنیر اور چاکلیٹ کھانے والوں پر لگایا گیا ہے۔

عام آدمی کے استعمال کی اشیا ء پر کسی قسم کی ڈیوٹی عائد نہیں کی گئی، باہر سے چاکلیٹ اور پنیر منگوا کر کھانے والوں کو کچھ تو ملک کو بھی دینا چاہیے ۔ درآمدی اشیا ء پر ڈیوٹی بڑھانے کی آڑ میں اگر کسی نے مقامی اشیا ء کی قیمتیں بڑھائیں تو ان کیخلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ میڈیا عوام کو شعور دے کہ روزمرہ استعمال کی اشیا ء مہنگی نہیں ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق عام آدمی کے استعمال کی اشیاء پر ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ اس سے حاصل ہونیوالی رقم چاروں صوبوں کی عوام کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جائے گی،یہ رقم آئی ڈی پیز کی ترقی پر خرچ ہو گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد اور چاروں صوبوں میں قیمتوں کا جائزہ لیا گیاہے اور اس حوالے سے گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونیوالے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قیمتوں کاجائزہ لیں تاکہ عام آدمی متاثر نہ ہو۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ضرب عضب مکمل ہونے کے قریب ہے ، اس سال آئی ڈی پیز کی واپسی بھی شروع ہو جائے گی اور ان کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔آئی ڈی پیز کی گھروں کو واپسی اور ان کی بحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حضرت داتا گنج بخش ؒ نے ایک ہزار سال پہلے دین اور دنیا کا علم پھیلانے کا سلسلہ شروع کیا اور آج اسے جدید معیار کے مطابق ڈھالا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں بہت پیچھے ہے لیکن موجودہ حکومت اس کی ترقی کے لئے کام کر رہی ہے، پاکستان میں ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کریں گے۔ کمپیوٹر کے ذریعے جدید تعلیم کو فروغ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونی دنیا میں کمپیوٹر سے متعلقہ بہت سے مواقع ہیں اور اس اقدام سے طالبعلموں کو پاکستان اوربیرون ممالک ملازمتوں کے مواقع میسر آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :