کسٹم عدالت نے شخصی ضمانت اور20لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کے بعد پاسپورٹ ماڈل گرل ایان علی کے حوالے کردیا

عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کرتی رہوں گی ٗنام ای سی ایل سے نکلوانے سمیت کئی امور میں قانونی جنگ لڑنی ہے ٗ میڈیا سے گفتگو

منگل 1 دسمبر 2015 19:37

کسٹم عدالت نے شخصی ضمانت اور20لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کے بعد پاسپورٹ ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) کسٹم عدالت نے شخصی ضمانت کے کاغذات اور 20لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کے بعد پاسپورٹ ماڈل گرل ایان علی کے حوالے کردیا ہے۔ منگل کو انسداد سمگلنگ کسٹمز کی خصوصی عدالت کے جج رانا آفتاب احمد خان کی عدالت میں ماڈل ایان علی اپنے وکلاء خرم لطیف کھوسہ ٗ خاتون وکیل شائستہ کے ہمراہ اپنی پرائیویٹ سکیورٹی گارڑوں کے حصار میں عدالت میں پیش ہوئیں ۔

ایان علی نے اپنی جانب سے ایک بیان حلفی بھی عدالت میں پیش کیا جس میں کہا گیا کہ پاسپورٹ حصول کے بعد بھی ہونے والی عدالتی تاریخوں پر میں باقاعدگی سے پیش ہوتی رہوں گی ‘اگرپیش نہ ہوں تو عدالت میرے خلاف ضابطے کی کارروائی کرے ۔ایان علی نے اپنی ذاتی جائیداد کا ایک مچلکہ جس میں جائیداد کے ثبوت بھی لف تھے عدالت میں جمع کرایا جبکہ ایک خاتون ضامن غزالہ انور اور مر د ضامن مدثر صفدر نے عدالت میں پیش ہو کر ایان علی کی ضمانت دی۔

(جاری ہے)

پاسپورٹ وصول کرنے کے بعد ایان علی نے پہلی مرتبہ میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ آج میرا پاسپورٹ مجھے مل گیا ہے ٗعدلیہ کے فیصلوں کا احترام کرتی رہوں گی ‘ ابھی مجھے پاسپورٹ ملا ہے ‘ابھی تو نام ای سی ایل سے نکلوانے سمیت دیگر امور میں قانونی جنگ لڑنی ہے ۔ایان علی نے عدلیہ اور میڈیا کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کا احترام کرتی ہوں امید ہے کہ انصاف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ مل جس کی خوشی ہے،انشااﷲ کرنسی اسمگلنگ کیس بھی جیتوں گی ۔

متعلقہ عنوان :