وزیراعلیٰ پنجاب کی دلچسپی کی وجہ سے پنجاب اور ڈیفڈ کا تعاون مثالی حیثیت اختیار کر چکا ہے

عالمی ماہر تعلیم و نمائندہ ڈیفڈ مائیکل باربر کا تعلیم اور صحت میں حکومت پنجاب کے اقدامات کو خراج تحسین

منگل 1 دسمبر 2015 19:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء ) لندن میں برطانیہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(ڈیفڈ) کے تحت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں ڈیفڈ کے نمائندہ برائے پنجاب اور بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہر تعلیم سرمائیکل باربر نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں حکومت پنجاب کے اقدامات کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں پنجاب حکومت کا اصلاحاتی پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن‘ محنت اور براہ راست نگرانی کا مرہون منت ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب کی دلچسپی کی وجہ سے پنجاب اور ڈیفڈ کا تعاون مثالی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔سرمائیکل باربر نے کہا کہ میں نے دنیا کے مختلف خطوں میں کام کیا ہے لیکن پنجاب میں اصلاحاتی پروگراموں پر عملدرآمد کے لئے مختلف اداروں اور محکموں کے درمیان جو ہم آہنگی پائی جاتی ہے وہ کہیں اور دیکھنے میں نہیں آئی۔

سرمائیکل باربر نے کہا کہ اس خوش آئند صورتحال کا کریڈٹ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو جاتا ہے۔ سرمائیکل باربر نے پنجاب میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں فیلڈ سٹاف اور دوسرے عملے کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی سراہا۔