حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے 972 ویں سالانہ عرس کا افتتاح

وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار صوبائی وزراء عطا محمد مانیکا اور بلال یاسیننے رسم چادر پوشی کر کے 3 روزہ تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کیا

منگل 1 دسمبر 2015 19:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء )حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے 972 ویں سالانہ عرس کا افتتاح ہوا ۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار ،صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور عطا محمد مانیکا اور صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے رسم چادر پوشی سرانجام دے کر عرس کی 3 روزہ تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔

(جاری ہے)

ق س موقع پر ان کے ہمراہ ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک ،سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور نیئر اقبال ، ڈائریکٹر جنرل اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کے علاوہ دیگر مہمامان گرامی نے کثیر تعداد میں شرکت کی - تقریبات کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور نعت خوانی ہوئی - رسم چادر پوشی کے بعد پاکستان کی سالمیت اور آپریشن ضرب عضب بارے دعا کی گئی اور دودھ کی سبیل کا افتتاح کیا گیا -اس موقع پر صوبائی وزیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ الہجویری پوری دنیا کے لئے مرکز تجلیات منبع فیوض و برکات ہیں ان کی تعلیمات سے برصغیر کے اندھیروں میں اجالاپیدا ہوا اور انہوں نے اسلام کی شمع روشن کی - حضرت داتا گنج بخش کی تعلیمات سے آج برصغیر میں اسلام کے نام لیوا ہیں - انہوں نے کہا کہ عرس کے موقع پر لاکھوں کی تعداد میں زائرین کی آمد کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور اس ضمن میں زائرین کی جان و مال کی حفاظت کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں - انہوں نے کہا کہ زائرین کے کھانے پینے اور آرام کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور سرکاری طو رپر لنگر بھی تقسیم کیا جا رہا ہے - بعد ازاں صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور میاں عطا محمد مانیکا اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحق ڈار نے لینگوئج / کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا - اس موقع پروزیر خزانہ اسحق ڈار نے جامعہ ہجویریہ داتا دربار میں لینگوئج اینڈ کمپیوٹر لیب کے لئے70 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا- انہیں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جامعہ ہجویریہ میں قدیم علوم اور جدید عصری فنون کا خوبصورت امتزاج ہے - یہاں پر سپوکن انگلش ، عربی ، کمپیوٹر سوفٹ ویئر ٹریننگ کرائی جائے گی ، کمپیوٹر ایپلی کیشن اینڈ آفس پروفیشنل ، کمپیوٹر ہارڈ ویئر اینڈ نیٹ ورک پروفیشنل و موبائل رپیئرنگ کے کورس بھی کر دائے جائیں گے -