پولیس اہلکار پر قاتلانہ حملہ،امریکی قیدی 44سال بعد جیل سے رہا

جانسن رہائی پانے کے بعد باہر کی دنیا دیکھ کر حیران،موبائل پرمصروف لوگ خودکلامی کرتے محسوس ہوئے،گفتگو

منگل 1 دسمبر 2015 19:41

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) امریکی پولیس اہلکار پرقاتلانہ حملے میں گرفتارشہری کو 44سال قیدکی سزامکمل ہونے کے بعد رہا کردیاگیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 69 سالہ اوٹیز جانسن کو 44 سال قبل امریکی پولیس نے نیویارک سے ایک پولیس اہلکار پر قاتلانہ حملے کے الزام میں گرفتار کیا اور اسے اسی الزام میں 44 سال قید کی سزا ہوئی تھی،دنیا میں دن رات ہونے والے تغیرات سے لاعلم جانسن چوالیس سال تک جیل میں بند رہا گزشتہ روز جب وہ جیل سے باہر آیا تو اسے ایک نئی دنیا دیکھ یقین بھی نہیں آتا کہ دنیا میں اتنا کچھ بدل گیا ہو گا، جانسن نیویارک میں ٹائمز اسکوائر کو دیکھتا ہے اور اس پر حیران ہوتا ہے کہ کس طرح یہاں زندگی بدل گئی ہے جب اسے پوچھا گیا کہ وہ جیل سے باہر آ کر کیسا محسوس کرتا ہے تواس نے پہلے تو اپنی جیل کی ناخوشگوار یادوں کا تذکرہ کیا۔

(جاری ہے)

جانسن کا کہنا تھا کہ جیل کی زندگی نے اس پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ اس نے بتایا کہ جب میں نے جیل سے باہر قدم رکھا تو ایک نئی دنیا دیکھ کر حیران ہوا۔ دْور سے میں نے محسوس کیا کہ لوگ خود کلامی کر رہے ہیں مگر جب ان کے قریب آیا تو معلوم ہوا کہ وہ موبائل فون پر باتیں کر رہے ہیں۔ مجھے پھر بھی سمجھ نہ آئی اور موبائل پر باتیں کرنے والوں کو میں نے انٹیلی جنس اداروں کے اہلکار سمجھا کہ ایسی سہولت خفیہ اداروں کے پاس ہی ہو سکتی ہے۔