موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں کادن ٹی وی کے دفتر پر دستی بم حملہ ،دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی

منگل 1 دسمبر 2015 21:09

لاہور/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ گلبرگ میں موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں کے دن ٹی وی کے دفتر پر دستی بم حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ، دولت اسلامیہ خراسان نامی تنظیم کی طرف سے پھینکے گئے پمفلٹ میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مستقبل میں بھی ایسے حملے جاری رکھیں گے ، صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم محمد نواز شریف، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید ،پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان ،جماعت اسلامی کے امیرسراج الحق ،سابق صدر آصف علی زرداری ،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سمیت دیگر نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل دشمن اس طرح کی کارروائیوں سے میڈیا کو سچ دکھانے سے نہیں روک سکتا ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ،صحافیوں تنظیموں نے دن ٹی وی کے دفتر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تمام الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیا کے دفاتر کو سکیورٹی مہیا کرے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز گلبرگ میں فردوس مارکیٹ کے قریب واقعہ دن ٹی وی کے دفتر پر موٹر سائیکل سواردہشتگردوں نے دستی بم سے حملہ کیا اور دھمکی آمیز پمفلٹ پھینک کر فرار ہو گئے ۔ دستی بم کے پھٹنے سے سکیورٹی پر تعینات دو پولیس اہلکار اور ٹی وی کا ایک کارکن زخمی ہو گیا جبکہ عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری ، ریسکیو 1122،بم ڈسپوزل سکواڈ ،فرانزک ماہرین اوردیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس اور فرانزک ماہرین نے شواہد اکٹھے کئے ۔

اطلاع ملنے پر ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان اور ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا ۔ بتایا گیا ہے کہ دہشتگردوں کی طرف سے پھینکے گئے پمفلٹ پر دولت اسلامیہ خراسان درج ہے اور اس کے متن میں کہا گیا ہے کہ شریعت کے نفاذ کی راہ میں حائل رکاوٹوں میں میڈیا طاغوتی قوتوں کا ساتھ دے رہا ہے اور جب تک یہ طاغوتی قوتوں کا ساتھ دیتا رہے گا اسے نشانہ بنایا جاتا رہے گا ۔

جب تک میڈیا اسلام اور شریعت کے نفاذ کیلئے ساتھ دینا شروع نہیں کردیتا اس وقت تک اسے پے درپے حملوں کا نشانہ بنایا جاتا رہے گا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے دن ٹی وی پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے تمام زخمیوں کوعلاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگرد اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے میڈیا کو حق اور سچ کا ساتھ دینے سے نہیں روک سکتے ۔

انہوں نے پولیس کو تمام میڈیا کے دفاتر کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ہاؤسز پر حملوں کی دھمکیاں تھیں اوراسی تناظر میں سکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔ اس حملے میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں ۔دشمن ہمیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ پولیس اور میڈیا کو ڈراسکا ہے اور نہ ڈرا سکے گا ۔

پولیس اہلکار وں نے اپنا خون دے کر صحافی برادری کی حفاظت کی ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے دن ٹی وی کے دفتر پر حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد بزدلانہ کارروائیاں کر کے خوف و ہراس پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن و ہ اس میں ناکام رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے دفاتر کی سکیورٹی کے حوالے سے صوبائی حکومت سے بات کروں گا ۔

پنجاب حکومت دہشتگردوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو ختم کیا جارہا ہے ۔ پاکستانی صحافت دہشتگردوں کے خلاف کھڑی رہے گی اوردہشتگردی کو مل کر خاموش کرائیں گے اور اس کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ دہشتگردوں کی طرف سے میڈیا ہاؤسز پر حملوں کی دھمکیوں کے بعد چند روزقبل ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حید ر اشرف کی طرف سے میڈیا ہاؤ سز کا دورہ کر کے سکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال اور سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :