آرمی ایوی ایشن نے آپریشن ضرب عضب کے دوران اپنا لوہا منوایا ، جنرل راحیل شریف

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی اور روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے جدید ایوی ایشن صلاحیتیں بہت اہم ہیں آرمی ایوی ایشن نے قدرتی آفات زلزلوں ،سیلاب کی امدادی سرگرمیوں میں قوم کی سب سے آگے بڑھ کر مدد کی ہے،گزشتہ چند برسوں کے دوران فوج کی شاندار کامیابیوں میں آرمی ایوی ایشن کا حصہ نہایت نمایاں ہے، آرمی چیف کا آرمی ایوی ایشن سکول گوجرانوالہ کا دورہ،گریجویشن تقریب میں شرکت، کور ہیڈ کوارٹرز گوجرانوالہ میں سینٹرل کمانڈ وار گیمز میں بھی شریک ہوئے

منگل 1 دسمبر 2015 21:41

راولپنڈی/ گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔یکم دسمبر۔2015ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جاری حالیہ جنگ میں کامیابی اور مادر وطن کو درپیش روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے جدید ایوی ایشن صلاحیتیں بہت اہمیت کی حامل ہیں، آرمی ایوی ایشن نے نہ صرف آپریشن ضرب عضب کے دوران اپنا لوہا منوایا ہے بلکہ قدرتی آفات زلزلوں اور سیلاب کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی قوم کی سب سے آگے بڑھ کر مدد کی ہے،گزشتہ چند برسوں کے دوران فوج کی شاندار کامیابیوں میں آرمی ایوی ایشن کا حصہ نہایت نمایاں ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے منگل کو آرمی ایوی ایشن سکول گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور بنیادی پائلٹ کورس سیریل 56 کی گریجوایشن تقریب میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے اس موقع پر گریجوایشن کرنیوالے افسروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جاری حالیہ جنگ میں کامیابی اور مادر وطن کو درپیش روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے جدید ایوی ایشن صلاحیتیں بہت اہمیت کی حامل ہیں انہوں نے کہاکہ آرمی ایوی ایشن نے شاندار ترقی کی ہے اورنا صرف جنگی ہوا بازی بلکہ کارگو اور چھوٹے طیاروں کے شعبوں میں بھی مزید بہتری کیلئے خصوصی کوششیں کی گئی ہیں ۔

آرمی چیف نے کہا کہ آرمی ایوی ایشن میں نہ صرف آپریشن ضرب عضب کے دوران اپنا لوہا منوایا ہے بلکہ قدرتی آفات زلزلوں اور سیلاب کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی قوم کی سب سے آگے بڑھ کر مدد کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ چند برسوں کے دوران فوج کی شاندار کامیابیوں میں آرمی ایوی ایشن کا حصہ نہایت نمایاں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایوی ایشن کے پائلٹوں کی انتھک کوششیں اور انکی قربانیاں بلند ترین اعزاز کی مستحق ہیں چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پیشہ ورانہ طور پر قابل اور قابل انحصار پائلٹس کو تربیت دینے کے ساتھ ساتھ آرمی ایوی ایشن کورز کیلئے جونیئر سٹاف آفیسرز کی تربیت پر آرمی ایوی ایشن سکول کی کوششیں قابل تحسین ہیں ۔

بعد ازاں چیف آف آرمی سٹاف نے کور ہیڈ کوارٹرز گوجرانوالہ میں سینٹرل کمانڈ وار گیمز میں شرکت کی اور فوجیوں کی ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول کے ساتھ پیشہ ورانہ تیاریوں کا جائزہ لیا۔ قبل ازیں گوجرانوالہ آمد پر کمانڈر سینیٹر کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا استقبال کیا۔