کوہاٹ، گھر کے قریب گند پھینکنے پر ہندو خاکروب قتل،ساتھی زخمی،مسیحی برادری کا احتجاج

منگل 1 دسمبر 2015 21:59

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم دسمبر۔2015ء ) کوہاٹ چھاؤنی کے علاقہ عبداللہ کالونی میں گھر کے قریب گندگی پھینکنے پر ہندو خاکروب کو قتل کر دیا گیا جبکہ فائرنگ سے اس کا ساتھی زخمی ہو گیا مسیحی برادری نے واقعے کے خلاف یونیورسٹی روڈ پر لاش رکھ کر احتجاج کیا قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ پولیس کے مطابق مبینہ ملزم سید زبیر شاہ ولد سید نصراف شاہ نے خاکروبوں کو ان کے گھر کے قریب گند پھینکنے سے منع کیا جس کی وجہ سے ہاتھا پائی شروع ہو گئی جس پر طیش میں آکر سید زبیر شاہ نے خاکروبوں پر فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں ایک 13سالہ خاکروب کیلاش موقع پر جاں بحق جبکہ اسکا ساتھی عدنان مسیح ولد خالد مسیح زخمی ہوگیا ۔

(جاری ہے)

وقوعہ کے بعد ملزم جائے واردات سے فرار ہوگیا جبکہ مقتول کی لاش اور زخمی کو فوری طور پر لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال لایا گیا بعد ازاں مسیحی برادری نے واقعے کے خلاف لاش سڑک پر رکھ کر بنوں گیٹ پولیس چوکی کے سامنے یونیورسٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے یونیورسٹی اور پنڈی روڈ مکمل بند ہو گیا اور سکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں بعد ازاں پولیس تھانہ محمد ریاض شہید نے قتل کے واقعے کا مقدمہ درج کرکے نامزد ملزم سید ذبیر شاہ کو گرفتار کر لیا جس کے بعد مظاہرین متشر ہو گئے۔