Live Updates

تحریک انصاف کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے دوران شاندار کامیابی پر شہریوں سے اظہار تشکر

مئیر اورڈپٹی مئیر شپ کے مقابلے میں بھرپور طریقے سے شرکت کا اعلان `

منگل 1 دسمبر 2015 22:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے دوران شاندار کامیابی پر شہریوں کا شکریہ ادا کیا ہے اور مئیر شپ اورڈپٹی مئیر شپ کے مقابلے میں بھرپور طریقے سے شرکت کا اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف کے سنیئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز کی حکومت کے تمام تر حربوں کے باوجود اسلام آباد کے شہریوں نے تحریک انصاف کے امیدواروں کو بڑی تعداد میں منتخب کیا ہے۔

حکومت اور الیکشن کمیشن کے مابین مفاہمت کے نتیجے میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم کو متاثر کرنے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔ انتخابات کو مکمل ہوئے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بعض یونین کونسلز میں نتائج کے اعلان میں تاخیر باعث تشویش ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف 16یونین کونسلز میں واضح برتری حاسل کر چکی ہے جبکہ سات یونین کونسلز میں مشکوک انداز سے نتائج کے اعلان میں تاخیر کی جارہی ہے جس کا جائزہ لے رہے ہیں اگر ساتوں یونین کونسلز کے نتائج تحریک انصاف کی امیدوں کے مطابق آئے تو ہماری مجموعی تعداد 23ہو جائے گی تاہم موجودہ صورت حال میں بھی تحریک انصاف مئیر شپ اور ڈپٹی مئیر شپ کے مقابلے میں حصہ لے گی اور آزاد امیدواروں کو ساتھ ملا کر اسلام آباد میں مقامی سطح پر حکومت قائم کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نو منتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین کے اہم ترین اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سطح پر اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں مداخلت کی گئی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے متنازعہ حلقہ بندیوں، ترقیاتی کاموں اور ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی پر عدم کارروائی کے باوجود اسلام آباد کے عوام نے نظریات اور قابلیت کو بنیاد بنا کر تحریک انصاف کے امیدواروں کو منتخب کیا، جس پر تحریک انصاف ان کی شکر گزار ہے۔

انہوں نے کہا قانونی، اخلاقی اور ریاستی حدود کے اندر رہتے ہوئے آزاد امیدواروں کو ساتھ ملا کر تحریک انصاف اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام کی کوششیں ضرور کرے گی تاہم نہ تو دھونس اور دھاندلی کا سہارا لیں گے اور نہ ہی دولت کے ذریعے ضمیروں کی خریدو فروخت کارستہ اپنائیں گے۔ ان کے مطابق آر اوز کی جانب سے ساتھ یونین کونسلز جن میں 30,22,30,34,39اور 42شامل ہیں کے نتائج جاری نہ کرنا تشویشناک ہے۔

تحریک انصاف نتائج کا مجموعی جائزہ لے گی اور اگر مناسب سمجھیں گے تو بے ضابطگیوں اور انتخابی قواعد کی خلاف ورزیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ اپنی گفتگو کے دوران تحریک انصاف کے رہنما نے تحریک انصاف کی بلدیاتی مہم میں حصہ لینے والے کارکنان اور نومنتخب چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کو مبارکباد دی اور حکومتی چیرہ دسیوں کا ڈٹ کر مقابلے کرنے پر خراج تحسین پیشش کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات