حکومت کی اقتصادی پالیسی مسلسل ناکام ہے،لیاقت بلوچ

معاشی بحران ترقی اور استحکام کے تمام خواب اور دعوؤں کو چکنا چور کر دے گا،بیان

منگل 1 دسمبر 2015 22:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم دسمبر۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ حکومت کی اقتصادی پالیسی مسلسل ناکام ہے ۔ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن اور قرضوں کی لعنت کا بوجھ بڑھتا جارہاہے ۔ وزیر خزانہ نے ٹیکسوں کا بوجھ ا س قدر بڑھا دیاہے جس سے مہنگائی ، بے روزگاری اور افراط زر میں بے تحاشا اضافہ ہوگا ۔

معاشی بحران ترقی اور استحکام کے تمام خواب اور دعوؤں کو چکنا چور کر دے گا ۔ لیاقت بلوچ نے کراچی میں ملٹری پولیس کے جوانوں پر حملہ اور شہادتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ 5 دسمبر سے پہلے کراچی میں دہشت اور خوف کا ماحول بنایا جارہاہے ۔ شفاف اور غیر جانبدار بلدیاتی انتخابات کے لیے ناگزیر ہے کہ کراچی کے تمام پولنگ اسٹیشن فوج اور رینجرز کی نگرانی میں ہوں ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کی شکست نوشتہ ٴ دیوار ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ فرانس میں نواز، نریندر مودی ملاقات بلاشبہ موجودہ حالات میں اہم ملاقات ہے ۔یہ اگرچہ مختصر ملاقات تھی لیکن اس میں بہت سے مقاصد پنہاں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نریندر مودی اور بھارت کمزور وکٹ پر ہیں ، پاکستان کوئی کمزوری نہ دکھائے ۔ بھارت سے مذاکرات اور تعلقات کے لیے اتفاق رائے کی قومی پالیسی پنائی جائے، اس مرحلہ پر کشمیریوں کو کمزور اور منفی پیغام نہیں جاناچاہیے ۔

متعلقہ عنوان :