آئی سی سی نے ناگپور پچ کو خراب قرار دیکر بی سی سی آئی سے جواب طلب کرلیا

منگل 1 دسمبر 2015 22:19

آئی سی سی نے ناگپور پچ کو خراب قرار دیکر بی سی سی آئی سے جواب طلب کرلیا

دبئی(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار یکم دسمبر- 2015ء)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کیلئے بنائی گئی ناگپور سٹیڈیم کی پچ کو خراب قرار دیدیا ہے ۔آئی سی سی کے مطابق مذکورہ ٹیسٹ میچ کے ریفری جیف کرو کی رپورٹ میں پچ کے حوالے سے میچ انتظامیہ کے تحفظات بھی شامل کئے گئے ہیں جو آئی سی سی میں جمع کرادی گئی ہے جبکہ ہندوستانی کرکٹ بورڑ(بی سی سی آئی) کو بھی مطلع کرکے 14 دن میں جواب مانگا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ جیف ایلرڈس اور چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے ناگپور پچ کے تمام ثبوتوں کا ویڈیو کے ذریعے جائزہ لیں گے جسکے بعد یہ فیصلہ کیا جائیگا کہ پچ واقعی خراب تھی یا نہیں۔سپنرز کیلئے ساز گار پچ بنانے پر ہر طرف سے بی سی سی آئی پر تنقید کی گئی لیکن میزبان ملک کا کہنا تھا کہ ایسی کنڈیشنز کی یہاں توقع کی جانی چاہیے۔

(جاری ہے)

بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ یہ بلے بازوں پر تھا کہ اس پر کس طرح کھیلتے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان ہاشم آملہ کا کہنا تھا کہ یہ انکے 11 سالہ کیرئر کی مشکل ترین پچ تھی ۔یاد رہے کہ ناگپورٹیسٹ میں گرنیوالی 40 میں سے 32 وکٹیں سپنروں نے حاصل کی تھیں، جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں محض 12 رنز پر 5 وکٹوں سے محروم ہوگئی تھی اور 79 رنز پر پوری ٹیم پویلین سدھار گئی جبکہ پورے ٹیسٹ میچ میں کوئی ایک بلے باز بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوا ۔